پاکستان
12 مارچ ، 2013

قومی اسمبلی نے آخری پارلیمانی سال کے 130 دن پورے کر لئے

 قومی اسمبلی نے آخری پارلیمانی سال کے 130 دن پورے کر لئے

اسلام آباد… پاکستان کی جمہوری اور پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار موجودہ قومی اسمبلی نے کیلنڈر پر موجود دن پورے کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ قومی اسمبلی نے اپنے آخری پارلیمانی سال کے 130 دن منگل کو پورے کر لئے۔ موجودہ قومی اسمبلی 16 مارچ کو وجود میں آئی تھی۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد ایک سال کے دوران قومی اسمبلی کا اجلاس 130 دن ہونے کی شرط عائد کی گئی تھی۔ موجودہ اسمبلی نے پانچوں پارلیمانی سال کے دوران کیلنڈر پر موجود دن پورے کئے ہیں۔ رواں قومی اسمبلی کے پانچ سال کے دوران 8 اراکین قومی اسمبلی وفات پا گئے، ان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی خواتین کی نشستوں پر کامیاب رکن فوزیہ وہاب، مہرالنساء آفریدی، اقلیتی رکن شہباز بھٹی، پیپلز پارٹی کے وہاڑی سے رکن عظیم دولتانہ اور جعفر آباد سے رکن تاج جمالی انتقال کر گئے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رکن عبدالمتین خان، مسلم لیگ (ن) کے رکن نیاز محمد خان اور مسلم لیگ (ق) کے رکن جام یوسف بھی وفات پا گئے۔ موجودہ قومی اسمبلی میں 23 نشستوں پر مختلف وجوہات کی بناء پر ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔ قومی اسمبلی نے 6 مارچ 2013ء تک کل 125 بل پاس کئے جن میں 1973ء کے آئین کو اصل شکل میں بحال کرنے کی اٹھارویں ترمیم، الیکشن کمیشن، خواتین اور بچوں پر جبری تشدد کے خاتمے، انسانی حقوق کمیشن کے قیام، ڈی ایچ اے سمیت دیگر اہم بل شامل ہیں۔ موجودہ اسمبلی نے 80 قراردادیں منظور کیں جن میں ڈرون حملے روکے جانے، دہشت گردی کے واقعات سمیت دیگر ترامیم شامل تھیں۔

مزید خبریں :