Time 12 مئی ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل کا نئے آئی فونز کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ

ایپل کا نئے آئی فونز کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ
نئے آئی فون کا کیمرا ڈیزائن ایسا ہوسکتا ہے / سوشل میڈیا فوٹو

ایپل کے آئی فون 17 سیریز کے ماڈلز  ستمبر میں متعارف کرائے جائیں گے۔

آئی فون 17، آئی فون 17 ائیر، 17 پرو اور 17 پرومیکس پر کمپنی کی جانب سے کام کیا جا رہا ہے جن میں سے آئی فون 17 ائیر اس کمپنی کا پتلا ترین فون ہوگا۔

ان ڈیوائسز کے بارے میں لیکس مہینوں سے سامنے آرہی ہیں اور بظاہر کچھ بھی ایسا نہیں جس سے یہ کمپنی صارفین کو چونکا سکے۔

مگر ان فونز کی قیمت کیا ہوسکتی ہے؟ یہ وہ سوال ہے جو صارفین کے ذہنوں میں کافی عرصے سے موجود ہے۔

اب ایک نئی لیک میں آئی فون 17 سیریز کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز کی قیمتوں میں اضافے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

چین پر عائد امریکی ٹیرف کے باعث آئی فونز کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

چین پر عائد امریکی ٹیرف کے باعث ایپل کو رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران 90 کروڑ ڈالرز کا نقصان پہنچنے کا امکان ہے اور اس کی ڈیوائسز کی قیمتیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان 11 مئی کو تجارتی معاہدے پر اتفاق ہوا ہے جس میں دوطرفہ ٹیرف کا نفاذ 90 دن تک روکنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے آئی فون 17 سیریز کی قیمتوں میں کتنا اضافہ کیا جائے گا۔

اس سے قبل مختلف لیکس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 17 سیریز میں بیک پر اسکوائر کیمرا سیٹ اپ کو ختم کر دیا جائے گا اور اس کی جگہ نیا ڈیزائن اپنایا جائے گا۔

درحقیقت آئی فونز کا بیک کیمرا ڈیزائن کافی حد تک گوگل پکسل فونز کے پل (pill) کیمرا بار جیسا ہو جائے گا۔

اس سے قبل مختلف رپورٹس میں آئی فون 17 ائیر کے بارے میں کافی لیکس سامنے آئی تھیں۔

یہ نیا فون ایپل کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔

9 ٹو 5 میک کی ایک رپورٹ کے مطابق آئی فون 17 ائیر ایپل کے آئی فون پرو ماڈلز کے مقابلے میں 25 فیصد پتلا ہوگا۔

درحقیقت یہ کسی بھی کمپنی کی جانب سے تیار کیا جانے والا سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔

مزید خبریں :