Time 13 مئی ، 2025
کھیل

آئی پی ایل پر سکیورٹی خدشات، بھارتی بورڈ کھلاڑیوں کی واپسی کیلئے غیر ملکی بورڈز پر دباؤ ڈالنے لگا

آئی پی ایل پر سکیورٹی خدشات، بھارتی بورڈ کھلاڑیوں کی واپسی کیلئے غیر ملکی بورڈز پر دباؤ ڈالنے لگا
کئی غیرملکی کھلاڑیوں نے اب بھی سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے اور واپسی کیلئے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں— فوٹو:فائل

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھلاڑیوں کی واپسی کیلئے غیر ملکی بورڈز پر دباؤ  ڈالنے لگا۔

گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ تاہم کئی غیرملکی کھلاڑیوں نے اب بھی سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے اور بھارت واپسی کیلئے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی واپسی کیلئے غیر ملکی بورڈز پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا اور بھارتی بورڈ نے آئی پی ایل انتظامیہ کو بورڈز سے رابطوں کی ہدایت کی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر کو ہدایت دی کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ سمیت تمام بورڈز سے انفرادی طور پر رابطہ کرکے  کھلاڑیوں کے خدشات کو دور  کریں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار نے بھارتی میڈیا کو بتایاکہ تمام غیر ملکی بورڈز سے رابطے میں ہیں اور فرنچائزز اپنے کھلاڑیوں سے براہ راست بات کر رہی ہیں تاکہ سب کو واپس لایا جا سکے۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ بھارت واپس جانے یا نہ جانے کے کرکٹرز کے فیصلے کو سپورٹ کریں گے۔ آسٹریلوی بورڈ کے مطابق ٹیم منیجمنٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لے گی اور واپس جانے والے کھلاڑیوں کی تیاریوں پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیں گے، سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آسٹریلوی حکومت اور بھارتی بورڈ سے رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل 17 مئی سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، ایونٹ کا فائنل 3 جون کو ہوگا اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 11 جون سے کھیلا جانا ہے۔

یاد رہے کہ 9 مئی کو آئی پی ایل کے معطل ہونے کے بعد کئی غیرملکی کرکٹرز وطن واپس چلے گئے تھے۔

مزید خبریں :