Time 13 مئی ، 2025
کھیل

مچل اسٹارک کی اہلیہ آئی پی ایل کے دھرم شالہ میں روکے جانے والے میچ پر بول پڑیں

مچل اسٹارک کی اہلیہ  آئی پی ایل کے دھرم شالہ میں روکے جانے والے میچ پر بول پڑیں
فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی اہلیہ اور  آسٹریلوی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ایلیسا ہیلی آئی پی ایل کے دھرم شالہ میں روکے جانے والے میچ پر بول پڑیں۔

ایلیسا ہیلی نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے ساتھ بھارت میں موجود تھیں۔ ایلیسا ہیلی کے مطابق وہ  دھرم شالہ میں اپنے شوہر مچل اسٹارک کا میچ دیکھ رہی تھیں جو کہ  پنجاب کنگز کے خلاف دہلی کیپیلٹز کی نمائندگی کر رہے تھے۔

ایلیسا ہیلی کے مطابق  اطلاعات کے فقدان کی وجہ سے دھرم شالہ میں کھلاڑی پریشان تھے۔ آسٹریلوی کرکٹرز کو اب آئی پی ایل کھیلنےکے لیے حکومت سے سکیورٹی کی یقین دہانی لینی چاہیے۔ ہمارے آسٹریلیا کےگروپ میں بہت زیادہ پریشانی تھی کیونکہ  کیا ہو رہا ہے اس حوالے سے ہمارے پاس معلومات نہیں تھیں۔

ایلیسا ہیلی کا کہنا تھا کہ  اس ساری صورتحال میں سب سے زیادہ ڈرانے والی چیز غلط اطلاعات تھیں، ہمیں کہا گیا کہ سب ٹھیک ہے یہ میلوں دور ہے، میچ ہوگا سب ٹھیک رہےگا ۔پھر احتیاطی طور پر اسٹیڈیم خالی کرالیا گیا، یہ درست تھا لیکن یہ پرسکون بات نہیں تھی، ہم سب اسٹینڈ میں بیٹھے میچ دیکھ رہے تھے کہ اچانک لائٹس آف ہوگئیں، یہ ایک غیر حقیقی تجربہ تھا، ہم فیملیز اور اضافی اسپورٹ اسٹاف ایک جگہ تھے ہمیں کہا گیا کہ ہمیں اسی وقت نکلنا ہے۔

 آسٹریلوی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان نے بتایا کہ ایک اور لڑکا آیا اور اس نے ایک بچےکو پکڑا اور کہا کہ یہاں سے ابھی نکلنا ہے، ہمیں اندازہ بھی نہیں تھا کہ کیا ہو رہا ہے، ہمیں ایک تنگ کمرے میں پہنچا دیا گیا،فاف ڈپلیسی نے تو جوتے بھی نہیں پہنے تھے، ہر کوئی چہروں سے پریشان لگ رہا تھا، مچل اسٹارک نے پوچھنے پر بتایا کہ 60 کلومیٹر دور ایک گاؤں میں میزائل گرا ہے، میزائل گرنے سے دھرم شالہ میں بلیک آؤٹ ہوگیا، آدھے گھنٹےکے پاگل پن کے بعد ہم ہوٹل میں موجود تھے۔

خیال رہے کہ 8 مئی کو دھرم شالہ میں پنجاب کنگز  اور دہلی کیپٹل کا میچ کھیلا جا رہا تھا اور پنجاب کنگز کی بیٹنگ جاری تھی کہ اچانک 11 ویں اوورز میں میچ روک دیا گیا۔

پہلے فلڈ لائٹس کی خرابی کا بہانہ بنایا گیا پھر میچ ختم کردیا گیا اور اس دوران تماشائیوں کی بڑی تعداد بھی گراؤنڈ میں موجود تھی جسے فوری خالی کروایا گیا۔

اگلے روز آئی پی ایل کو معطل کرنےکا اعلان کردیا گیا تھا تاہم اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کے بقیہ میچز 17 مئی سے 3 جون تک کرانےکا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :