Time 14 مئی ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

مائیکرو سافٹ نے عالمی سطح پر اپنے 3 فیصد ملازمین کو فارغ کر دیا

مائیکرو سافٹ نے عالمی سطح پر اپنے 3 فیصد ملازمین کو فارغ کر دیا
اس اقدام کا مقصد کمپنی آپریشرنز کو مؤثر بنانا قرار دیا گیا ہے / رائٹرز فوٹو

ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے دنیا بھر میں اپنے 3 فیصد عملے کو ملازمتوں سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد کمپنی آپریشنز کو زیادہ مؤثر بنانا اور منیجمنٹ اسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔

کمپنی کی جانب سے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملازمتوں سے نکالا جائے گا۔

مائیکرو سافٹ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم کمپنی کے اندر ضروری تبدیلیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ مارکیٹ میں اس کی پوزیشن کو مستحکم رکھا جاسکے۔

خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ نے اس سے قبل 2023 میں 10 ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کیا تھا۔

مائیکرو سافٹ اور دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے گزشتہ 2 برسوں کے دوران ہزاروں افراد کو ملازمتوں سے نکالا ہے کیونکہ ان کے مطابق معاشی ماحول زیادہ اچھا نہیں۔

آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کے لیے زیادہ سرمائے کی ضرورت کو بھی ایک جواز قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنیوں کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے دوران ضرورت سے زیادہ افراد کو بھرتی کیا گیا تھا اسی لیے بڑی تعداد میں انہیں فارغ کیا جا رہا ہے تاکہ توازن بحال ہوسکے۔

واضح رہے کہ مائیکرو سافٹ نے حال ہی میں زیادہ منافع کے لیے ایکس باکس کنسولز کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جبکہ سب سے کم قیمت سرفیس لیپ ٹاپس کی تیاری ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔