15 مئی ، 2025
گوگل نے اپنے سرچ انجن کے ہوم پیج پر ایک بڑی تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اگر آپ گوگل سرچ انجن کے ہوم پیج پر آئی ایم فیلنگ لکی بٹن استعمال کرنے کے عادی ہیں تو جان لیں کمپنی اسے تبدیل کرنے والی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے آئی ایم فیلنگ لکی بٹن کو اے آئی موڈ سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔
اس مقصد کے لیے محدود صارفین میں بٹن کی تبدیلی کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ گوگل سرچ میں اے آئی موڈ فی الحال امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے اور وہاں ہی اسے آئی ایم فیلنگ لکی بٹن کی جگہ دینے کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
گوگل کے ایک ترجمان نے اس آزمائش کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہم اکثر مختلف مددگار فیچرز کی آزمائش کرتے رہتے ہیں اور یہ بھی ایسا ہی ایک فیچر ہے۔
گوگل کی جانب سے سرچ انجن کے ہوم پیج پر شاذ و نادر ہی تبدیلی کی جاتی ہے۔
یہ واضح نہیں کہ اس فیچر کو تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا یا نہیں۔
واضح رہے کہ سرچ پیج پر موجود آئی ایم فیلنگ لکی بٹن کے باعث کمپنی کو ہر سال کروڑوں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے، کیونکہ اس پر کلک کرنے پر سرچ انجن تمام اشتہارات کو بائی پاس کرکے ٹاپ سرچز کو دکھاتا ہے۔
مگر اس کے باوجود اسے سرچ انجن میں برقرار رکھا گیا ہے تاکہ یہ نہ لگے کہ یہ کمپنی بس پیسے کمانے کی خواہشمند ہے۔