Time 16 مئی ، 2025
پاکستان

'بھارت نے پورے خطے کو جنگ میں دھکیلا، پاکستان نے ثابت کیا کہ عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا'

بھارت نے پورے خطے کو جنگ میں دھکیلا، پاکستان نے ثابت کیا کہ عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا
سیز فائر کے لیے دوست ممالک کے کردار کو سراہتے ہیں، مستقبل میں بھی کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا: ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے پورے خطے کو جنگ میں دھکیلا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دیا۔

صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا پاکستان نے ثابت کیا کہ عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا گیا، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 6 جنگی طیارے گرائے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا متعدد دوست ممالک کی کوششوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی، سیز فائر کے لیے دوست ممالک کے کردار کو سراہتے ہیں، مستقبل میں بھی کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے افغان وزیر دفاع کے بھارت کے مبینہ خفیہ دورے پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت اور افغانستان کو خودمختار اور آزاد ریاستیں تسلیم کرتے ہیں، علاقائی امن کے لیے باہمی احترام اور عدم مداخلت کی پالیسی ضروری ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ ہم کسی ملک کے دوسرے ممالک سے تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتے، ہر ریاست کو خود مختار حیثیت میں اپنی خارجہ پالیسی بنانے کا حق حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا پاکستان مسائل کے پر امن حل پر یقین رکھتا ہے، دوست ممالک سے توقع رکھتے ہیں کہ ان کے تعلقات پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہوں، پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے اور اپنی سالمیت کے تحفظ کا حق رکھتا ہے، یورپی وزرا کے دورہ پاکستان اور بھارت دونوں میں توازن دیکھا جانا چاہیے۔ 

مزید خبریں :