19 مئی ، 2025
کراچی: ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر مقامات پر جاری گرمی کی لہر میں کل سے کمی کا امکان ہے جب کہ کراچی میں آئندہ3 روز موسم گرم اور مرطوب رہنے کاامکان ہے جس دوران درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ ہوا میں زائد نمی کے باعث درجہ حرارت کی شدت زائد محسوس کی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں آج بھی گرمی اور ہیٹ ویو کی لہر برقرار رہنےکا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے اورگرمی کی لہر کے اثرات معمر افراد ، بچوں اور بیماروں پر زیادہ ہو سکتے ہیں ۔
ترجمان نے بتایا کہ چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جب کہ تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔