Time 19 مئی ، 2025
پاکستان

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی اسپانسرڈ 9 خوارج ہلاک

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی اسپانسرڈ 9 خوارج ہلاک
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں 17 اور 18 مئی کو کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے 2 بہادر جوان بھی شہید ہوئے۔

لکی مروت میں خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی میں بھارتی اسپانسرڈ 5 خوارج مارے گئے، بنوں میں بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خلاف کارروائی میں 2 خوارج ہلاک ہوئے۔

 اس کے علاوہ شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں دہشت گردوں کے حملے میں سکیورٹی فورسز کے 2 جوان شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں بھارتی اسپانسرڈ 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں سپاہی فرہاد علی طوری اور لانس نائیک صابر آفریدی شامل ہیں۔

29 سال کے سپاہی فرہاد علی طوری شہید کا تعلق ضلع کُرم سے ہے جب کہ 32 سال کے لانس نائیک صابر آفریدی شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزید خبریں :