Time 20 مئی ، 2025
دنیا

گولڈن ٹیمپل کے چیف گرنتھی نے بھارتی فوج کے جھوٹ کا پول کھول دیا

سری دربار صاحب (گولڈن ٹیمپل) امرتسر کے چیف گرنتھی گیانی رگھوبیر سنگھ نے بھارتی فوج کے جھوٹ کا پول کھول دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں گیانی رگھوبیر سنگھ کا کہنا تھا کہ سری دربار صاحب ایسا گھر ہے جہاں کوئی حملہ کرنےکا سوچ بھی نہیں سکتا، بھارتی حکومت نے پاکستان پرگولڈن ٹیمپل  پر میزائل حملےکا بے بنیاد الزام لگایا،گولڈن ٹیمپل پر ائیر ڈیفنس گنز کی تعیناتی سے متعلق بھارتی فوج کے دعوے مضحکہ خیز ہیں۔

گیانی رگھوبیر سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل نے ٹی وی پر جو بیان دیا وہ مکمل جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہے، سری دربار صاحب میں کسی کو اسلحےکے ساتھ گھومنے کی اجازت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 24 اپریل سے 14 مئی تک میں امریکا میں تھا اور دربار صاحب امرتسر میں موجود نہیں تھا، میں اگرموجود بھی ہوتا تب بھی ایسی کسی کارروائی کی اجازت نہ دیتا، بھارتی فوج یا حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، بھارتی فوج نے اپنے جھوٹ پر پردہ ڈالنےکے لیے لیفٹیننٹ جنرل سے بیان دلوایا۔

دوسری جانب دفترخارجہ نے پاکستان پر گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کا بھارتی فوج کا الزام مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کےگولڈن ٹیمپل جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا، اس حوالے سے بھارتی الزامات بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے خود 6 اور7 مئی کی درمیانی شب پاکستان میں عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، بھارتی الزامات کا مقصد اپنے قابل مذمت اقدام سے توجہ ہٹانا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا محافظ ہے، ہر سال ہزاروں سکھ یاتری پاکستان آتے ہیں، پاکستان کرتارپور راہداری پر سکھ یاتریوں کوویزا فری رسائی دیتا ہے۔

مزید خبریں :