Time 21 مئی ، 2025
پاکستان

ریاست سب کرسکتی ہے، اب خاموش تماشائی کا کردار نہیں بلکہ فیصلہ کرنا ہوگا: وزیراعلیٰ بلوچستان

ریاست سب کرسکتی ہے، اب خاموش تماشائی کا کردار نہیں بلکہ فیصلہ کرنا ہوگا: وزیراعلیٰ بلوچستان
خضدار حملے میں ملوث دہشتگردوں کو چُن چُن کر جہنم واصل کیا جائے گا: سرفراز بگٹی کی پریس کانفرنس/ فائل فوٹو

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہےکہ ریاست سب کرسکتی ہے اور اب خاموش تماشائی کا کردار نہیں بلکہ فیصلہ کرنا ہوگا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج بزدل دہشتگردوں نے خضدار میں اسکول بس پر کار بم حملہ کیا، دشمن جنگ کی شکست کی سبکی مٹانے کے لیے بلوچستان کو چن سکتا ہے لیکن دشمن اتنا گر جائے گا کہ معصوم بچوں کے سافٹ ٹارگٹ چنےگا اس کا اندازہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، خضدار حملے میں ملوث دہشتگردوں کو چُن چُن کر جہنم واصل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا ہم ان کے خون کا بدلہ لیں گے، ٹرین واقعے، نوشکی واقعے میں ملوث دہشتگرد جہنم واصل ہوئے، خضدار واقعے میں ملوث عناصر کو بھی جہنم واصل کیا جائے گا، جنہوں نے یہ حرکت کی ہے حکومت اور ریاست ان کوچن چن کر جہنم واصل کرےگی۔

سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بھارتی پراکسیز کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف بھارت کے ایماء پر معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، یہ لوگ بھارت سے پیسے لے کر لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا افغان عبوری حکومت کو بھی یاد دلاتا ہوں کہ آپ کی سرزمین بار بار ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے، دہشتگرد بھارت کی پراکسیز ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ کو سمجھنے کی کوشش کریں، دہشتگردی اور تشدد کو کوئی اور نام دیا جاتا ہے، اس مائنڈ سیٹ سے نکل آئیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم ان لوگوں کو چن چن کر مار سکتے ہیں، دہشتگردوں کی اتنی استعداد نہیں ہے، ریاست سب کچھ کر سکتی ہے اور اب فیصلہ کرنا ہوگا، خاموش تماشائی کا کردار نہیں ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ  ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکا خودکش نہیں تھا، آئی ای ڈی کا تھا تاہم آگے تحقیقات کےبعد مزید پتا چلےگا۔

مزید خبریں :