23 مئی ، 2025
نیو یارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خضدار میں ہونے والے بس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خضدار بس حملے کو بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے شہید افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
سلامتی کونسل نے حملے کے ذمہ داروں، مالی مددگاروں اور منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا اور تمام ریاستوں سے پاکستان سے تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل نے عالمی قانون اور اقوام متحدہ کےمنشور کے مطابق دہشتگردی کےخاتمے پر زور دیتے ہوئے دہشتگردی کو عالمی امن و سلامتی کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا۔
واضح رہے گزشتہ دنوں بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے حملے میں 4 طالبات اور 2 جوان شہید جبکہ 39 بچوں سمیت 53 افراد زخمی ہوئے تھے۔