23 مئی ، 2025
بھارت کی ویمن کرکٹر اور یوپی کی ڈی ایس پی دیپتی شرما کو ان کی دوست اور مقامی کھلاڑی آروشی گوئل نے 25 لاکھ سے زائد کا چونا لگادیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ دیپتی شرما کی جانب سے اپنی ساتھی آروشی گوئل پر الزام لگایا گیا ہے کہ’ آروشی نے انہیں 25 لاکھ روپے سے زائدکا چونا لگایا اور ان کے آگرہ میں موجود فلیٹ میں گھس کر سونے اور چاندی کی جیولری سمیت 2 لاکھ روپے کی غیر ملکی کرنسی سمیت قیمتی سامان بھی چوری کرلیا‘۔
27 سالہ آروشی یوپی کی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہ چکی ہیں اور بطور جونیئر دیپتی کی ٹیم میں کھیل چکی ہیں، ان دنوں آروشی آگرہ کینٹ ریلوے اسٹیشن پر جونیئر کلرک کے طور پر تعینات ہیں۔
دیپتی کے بھائی سمت شرما کی جانب سے آروشی کے خلاف درج ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ ’ ایک ہی ٹیم میں کھیلنے کی وجہ سے میری بہن دیپتی شرما اور آروشی کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہوگئے تھے جس کے بعد آروشی اور اس کے والدین کی جانب سے خاندانی پریشانیوں کا رونا رو کر میری بہن کو چونا لگانا شروع کیا گیا‘۔
ایف آئی آر میں دیپتی کے بھائی نے مؤقف اپنایاکہ ’میری بہن کو 2 سال کی مدت میں 25 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان اٹھانا پڑا جس کے بعد آروشی اور اس کے خاندان والوں نے نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ پیسے واپس لوٹانے سے بھی صاف انکار کردیا ، آروشی نے 22 اپریل کو دیپتی کے آگرہ کے فلیٹ میں گھس کر لاک تبدیل کیےاور زیورات کے ساتھ ساتھ تقریباً 2 لاکھ روپے لے کر فرار ہوگئی‘۔
دوسری جانب دیپتی شرما کے لگائے گئے الزام پر جب بھارتی میڈیا کی جانب سے آروشی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس معاملے پر بات کرنے سے انکار کردیا۔