23 مئی ، 2025
چیٹ جی پی ٹی جیسے مقبول آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دنیا کا سب سے بڑا ڈیٹا سینٹر کھولنے کے لیے تیار ہے۔
اس حوالے سے پہلے افواہیں سامنے آئی تھیں کہ اوپن اے آئی کی جانب سے اسٹار گیٹ ڈیٹا سینٹر پراجیکٹ کو مشرق وسطیٰ تک توسیع دی جا رہی ہے۔
اب کمپنی کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق کی گئی ہے۔
کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں اسٹار گیٹ یو اے ای کا اعلان کیا جو ابوظبہی میں تعمیر کیا جانے والا ایک گیگا واٹ ڈیٹا سینٹر ہوگا۔
کمپنی کو توقع ہے کہ 2026 تک پراجیکٹ کو کافی حد تک فعال کر دیا جائے گا۔
اس ڈیٹا سینٹر کے لیے اوپن اے آئی نے جی 42، سافٹ بینک، اوریکل، Nvidia اور Cisco کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے دعویٰ کیا کہ اسٹار گیٹ یو اے ای سے اے آئی انفرا اسٹرکچر اور کمپیوٹنگ کی سہولیات 2 ہزار میل رقبے تک فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ اوپن اے آئی فار کنٹریز کے تحت پہلی شراکت داری ہے جو ہمارا عالمی پروگرام ہے جس کا مقصد امریکی حکومت کے اشتراک سے خودمختار اے آئی انفرا اسٹرکچر قائم کرنے میں دلچسپی رکھنے والی حکومتوں کو مدد فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس شراکت داری کے تحت یو اے ای دنیا کا پہلا ملک ہے جو اپنے خطے میں چیٹ جی پی ٹی کو ان ایبل کرے گا اور ملک بھر میں لوگوں کو اوپن اے آئی کی ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرے گا۔
اسٹار گیٹ یو اے ای کا اعلان اس وقت کیا گیا جب گزشتہ دنوں ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے کہا تھا کہ ان کی اے آئی کمپنی ایکس اے آئی کی جانب سے دنیا کا پہلا گیگا واٹ اے آئی ٹریننگ مرکز کھولا جائے گا۔