Time 25 مئی ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

دنیا کے 10 ویں امیر ترین شخص نے خاموشی سے 70 کروڑ ڈالرز فلاحی کاموں کیلئے عطیہ کر دیے

دنیا کے 10 ویں امیر ترین شخص نے خاموشی سے 70 کروڑ ڈالرز فلاحی کاموں کیلئے عطیہ کر دیے
سرگئی برن / رائٹرز فوٹو

دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک اور گوگل کے شریک بانی سرگئی برن نے خاموشی سے کروڑوں ڈالرز عطیہ کر دیے۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق سرگئی برن نے گوگل کی سرپرست کمپنی ایلفابیٹ کے 70 کروڑ ڈالرز مالیت کے شیئرز فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرگئی برن نے عطیے کا زیادہ تر حصہ ایک غیر منافع بخش ادارے Catalyst4 کو دیا گیا جس کی بنیاد سرگئی برن نے ہی رکھی تھی۔

اس ادارے کو قائم کرنے کا مقصد جسم کے مرکزی اعصابی نظام کے امراض پر تحقیق کرنا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بحران کا حل تلاش کرنا ہے۔

اس سے ہٹ کر سرگئی برن نے ایلفابیٹ کے 5 لاکھ 80 ہزار شیئرز اپنی خاندانی فاؤنڈیشن کو عطیہ کیے جبکہ 2 لاکھ 82 ہزار شیئرز پارکنسن امراض پر تحقیق کے لیے سرگرم ادارے مائیکل جے فاؤنڈیشن کو دیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی فائلنگز میں انکشاف ہوا تھا کہ سرگئی برن نے 41 لاکھ شیئرز عطیہ کیے تھے مگر اس وقت یہ پتا نہیں چلا تھا کہ انہوں نے یہ کروڑوں ڈالرز کس کو دیے تھے۔

یہ پہلی بار نہیں جب سرگئی برن نے فلاحی کاموں کے لیے دولت عطیہ کی ہے۔

2023 میں انہوں نے گوگل کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سرچ کے لانچ کے موقع پر 60 کروڑ ڈالرز جبکہ 2024 میں 10 کروڑ ڈالرز عطیہ کیے تھے۔

2004 کے بعد سے سرگئی برن 11 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کے گوگل حصص فروخت کرچکے ہیں۔

وہ پارکنسن امراض پر تحقیق کو مسلسل سپورٹ کر تے رہے ہیں۔

سرگئی برن نے 2019 میں ایلفابیٹ کے صدر کا عہدہ چھوڑ دیا تھا مگر وہ ابھی بھی کمپنی کے بورڈ کا حصہ ہیں اور کمپنی میں کافی اختیارات رکھتے ہیں۔

روس میں پیدا ہونے والے سرگئی برن 6 سال کی عمر میں امریکا آئے تھے اور 1998 میں لیری پیج کے ساتھ مل کر گوگل کی بنیاد رکھی تھی۔

اس وقت 143 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے 10 ویں امیر ترین شخص ہیں۔

مزید خبریں :