26 مئی ، 2025
یورپی ملک مالٹا نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو یورپی ملک مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا نے اگلے ماہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیاکہ مالٹا کے وزیر اعظم کی جانب سے یہ اعلان ایک سیاسی تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں انہوں نے مقامی اور عالمی معاملات پر بات کی، خاص طور پر غزہ میں جاری انسانی بحران پر توجہ مرکوز کی۔
فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا اخلاقی ذمہ داری ہے: وزیر اعظم مالٹا
مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا کا کہنا تھا کہ انسانیت سوز المیے پر آنکھیں بند نہیں کرسکتے، فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اسرائیل فلسطین تنازع پر 20 جون کو ہونے والی اقوام متحدہ کانفرنس کے بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیں گے۔
مالٹا پچھلے سال اپریل میں فلسطین کو اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت دینے کے حق میں سکیورٹی کونسل میں ووٹ دے چکا ہے۔
تاہم ابھی تک اس نے باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کیا تھا۔
واضح رہے کہ اب تک اقوام متحدہ کے 193 میں سے 147 رکن ممالک فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔
گزشتہ برس آرمینیا، سلووینیا، آئرلینڈ، ناروے، اسپین، بہاماس، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو، جمیکا اور بارباڈوس بھی ان میں شامل ہوئے۔
تاہم فلسطینی ریاست کو بڑھتی ہوئی بین الاقوامی حمایت کے باوجود امریکا، آسٹریلیا، برطانیہ اور جرمنی جیسے کئی بڑے مغربی ممالک نے ابھی تک اسے تسلیم نہیں کیا ہے۔
گزشتہ ماہ فرانسیسی صدر ایمانول میکرون نے یہ امکان ظاہر کیا تھا کہ فرانس آنے والے مہینوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے۔