Time 27 مئی ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ ویب ورژن میں صارفین کیلئے ایک بہترین فیچر کا اضافہ

واٹس ایپ ویب ورژن میں صارفین کیلئے ایک بہترین فیچر کا اضافہ
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

واٹس ایپ کا استعمال دنیا بھر میں 3 ارب سے زائد افراد کرتے ہیں مگر کئی بار صارفین کو ایک عجیب مشکل کا سامنا ہوتا ہے۔

وہ کسی مخصوص ویڈیو، تصویر یا GIF فائل کو تلاش کرنا چاہتے ہیں مگر یاد نہیں رہتا کہ کس چیٹ میں اس میڈیا فائل کو شیئر کیا گیا۔

اب واٹس ایپ کی جانب سے اس مسئلے کا حل پیش کیا جا رہا ہے۔

اس مقصد کے لیے واٹس ایپ میں میڈیا منیجمنٹ ہب کو متعارف کرایا جا رہا ہے جسے سب سے پہلے واٹس ایپ کے ویب ورژن کا حصہ بنایا جائے گا۔

WABetaInfo کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ میڈیا ہب کو واٹس ایپ کے ویب ورژن کے بیٹا (beta) ورژن میں دیکھا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں تمام میڈیا فائلز بشمول ویڈیوز، تصاویر، لنکس، ڈاکومنٹس اور GIF وغیرہ کے لیے ایک میڈیا ہب پر کام کیا جا رہا ہے۔

اس میڈیا ہب میں آپ کی تمام چیٹس کی فائلز کو ایک ہی جگہ دیکھنا ممکن ہو جائے گا۔

اس ہب کا اپنا ایک آئیکون بائیں جانب سیٹنگز آئیکون کے اوپر دیا جائے گا۔

اس سیکشن میں جاکر صارفین اپنی تمام میڈیا فائلز میں سے مطلوبہ تصویر، ویڈیو یا دیگر کو آسانی سے تلاش کرسکیں گے۔

ڈاکومنٹس اور لنکس کے ساتھ اس میڈیا ہب میں دیگر تفصیلات جیسے اسے شیئر کرنے والے کانٹیکٹ کا نام اور تاریخ بھی نظر آئے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ سیکشن ملٹی سلیکٹ بٹن بھی دیا جائے گا تاکہ صارفین بیک وقت متعدد فائلز کو فارورڈ، ڈیلیٹ یا ڈاؤن لوڈ کرسکیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ میڈیا ہب ابھی تیاری کے مرحلے سے گزر رہا ہے تو یہ واضح نہیں کہ یہ کب تک تمام افراد کو دستیاب ہوگا۔

مزید خبریں :