Time 29 مئی ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل کا آئی فونز کے آپریٹنگ سسٹم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ

ایپل کا آئی فونز کے آپریٹنگ سسٹم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / اے پی فوٹو

ایپل کی جانب سے کمپنی کے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس کے حوالے سے بہت بڑی تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے آپریٹنگ سسٹم کو ری برانڈ کیا جا رہا ہے۔

ابھی آئی فونز میں آئی او ایس 18 استعمال کیا جا رہا ہے اور ستمبر میں نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا، مگراب نام تبدیل کر دیا جائے گا۔

ایپل کی جانب سے آپریٹنگ سسٹم کے نام کو آئی او ایس 19 کی بجائے آئی او ایس 26 رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ آئی او ایس سے ہٹ کر آئی پیڈ او ایس 26، میک او ایس 26، واچ او ایس 26 اور ویژن او ایس 26 بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس اقدام کا مقصد ایپل برانڈنگ کے تسلسل کو قائم کرنا اور کنفیوژن کو ختم کرنا ہے۔

ابھی ایپل کی ڈیوائسز کے آپریٹنگ سسٹمز کے نام مختلف ہیں جیسے آئی او ایس 18، واچ او ایس 12، میک او ایس 15 اور ویژن او ایس 2، کیونکہ انہیں مختلف برسوں میں متعارف کرایا گیا تھا۔

ایپل کی جانب سے 9 جون کو کمپنی کی ورلڈ وائیڈ ڈویلپرز کانفرنس کے موقع پر آپریٹنگ سسٹمز کے ناموں کی تبدیلی کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔

البتہ رپورٹ میں ایسا عندیہ نہیں دیا گیا کہ آئی فون کے ناموں کو بھی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

گزشتہ سال کمپنی نے آئی فون 16 کو متعارف کرایا تھا اور اب ستمبر میں آئی فون 17 سیریز کو پیش کیا جائے گا۔

مزید خبریں :