Time 29 مئی ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل فوٹوز کے 10 سال مکمل ہونے پر نئے اے آئی فیچرز صارفین کیلئے متعارف

گوگل فوٹوز کے 10 سال مکمل ہونے پر نئے اے آئی فیچرز صارفین کیلئے متعارف
یہ فیچرز جون سے دستیاب ہوں گے / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل کی مقبول سروس فوٹوز کو 10 سال مکمل ہوگئے اور اس موقع پر کمپنی کی جانب سے نئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے گوگل فوٹوز کے ایڈیٹر کو اے آئی کی مدد سے ری ڈیزائن کیا گیا ہے۔

درحقیقت کمپنی کی جانب سے ایسے فیچرز صارفین کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں جو اب تک گوگل پکسل فونز کے صارفین کو ہی دستیاب تھے۔

ان میں سے ایک فیچر آٹو فریم کا ہے جو تصاویر کو crop کرنے کے حوالے سے تجاویز فراہم کرتا ہے اور اگر کوئی نئی چیز شامل کرنے کی ضرورت ہو تو اے آئی ٹیکنالوجی اسے تیار کرتی ہے۔

اسی طرح ایک اور فیچر ری امیجنگ ہے جس کی مدد سے آپ تصاویر میں اضافی عناصر جیسے خزاں کے پتے یا سبز گھاس کو شامل کرسکتے ہیں۔

درحقیقت اکثر تو علم ہی نہیں ہوتا کہ یہ اضافہ اے آئی ٹیکنالوجی نے کیا ہے اور اسی لیے گوگل کی جانب سے ایسی تصاویر میں واٹر مارک لگایا جاتا ہے تاکہ دیکھنے والوں کو علم ہو کہ یہ اے آئی ٹول سے تیار کردہ تصویر ہے۔

گوگل فوٹو میں AI Enhance فیچر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جو 3 ایڈٹ تصاویر فراہم کرتا ہے اور آپ کو ان میں سے بہترین کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔

یہ فیچر گوگل فوٹوز کے ایڈٹ مینیو میں دیا گیا ہے۔

گوگل کی جانب سے البمز شیئر کرنے کا عمل بھی آسان بنایا جا رہا ہے اور اب آپ ایک کیو آر کوڈ تیار کرکے اسے اپنے البم تک رسائی فراہم کرنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

کمپنی نے بتایا کہ یہ گوگل فوٹوز یہ فیچر اینڈرائیڈ صارفین کو جون سے دستیاب ہوں گے جبکہ آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے یہ فیچرز رواں سال کسی وقت دستیاب ہوں گے۔

مزید خبریں :