31 مئی ، 2025
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت سبز ہلالی پرچم کی شان بڑھی، ارشدندیم کی محنت،لگن اور شاندارکامیابی نوجوان ایتھلیٹس کیلئے قابلِ تقلید مثال ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مستقبل میں آپ کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے۔
صدر پاکستان کی ارشد ندیم کو مبارک باد
صدر آصف زرداری نے ارشد ندیم کو چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کیا، انہوں نے فائنل سمیت پوری چیمپئن شپ میں بہترین کھیل پیش کیا، پوری قوم کو ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے، مستقبل میں بھی ارشد کی کامیابیوں کیلئے دعا گو ہوں۔
گونر کے پی کی مبارک باد
ارشد ندیم کی کامیابی پر گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایشین ایتھلیٹکس کے فاتح ارشد ندیم پرقوم فخرکرتی ہے، پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ تھیں۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر خراج تحسین پیش کیا او رکہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کا نام ایک بار پھر روشن کیا، پوری قوم کو اُن پر فخر ہے، سندھ حکومت ارشد جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی ہر ممکن سرپرستی کرے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی مبارکباد
اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے بھی ایشین ایتھلیٹکس میں کامیابی پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاباش ارشد ندیم، آپ نے ایک بار پھر پوری قوم کا سر فخر سے بلندکردیا، ارشد ندیم کی جیت پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ارشد ندیم نے آخری تھرو 86.40 پھینکی
جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.64 میٹر کی پھینکی جب کہ دوسری کوشش میں ان کی تھرو 76.80 میٹر کی رہی، ارشد نے تیسری کوشش میں 85.57 میٹر کی تھرو پھینکی، انہوں نے چوتھی کوشش میں 83.99 میٹر کی تھرو پھینکی۔
چوتھے راؤنڈ کے اختتام پر ارشد ندیم چارٹ پر پہلے نمبر پر موجود رہے جس کے بعد انہوں نے اپنی آخری تھرو 86.40 میٹر لمبی پھینکی اور بلآخر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔