02 جون ، 2025
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ساتھی کرکٹر بابر اعظم کے ساتھ تعلقات اور انہیں انسٹاگرام پر اَن فالو کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہوں پر ردعمل دے دیا۔
اتوار کو پاکستان نے3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں بنگلادیش کو 7 وکٹ سے ہرا کر کلین سوئپ کردیا۔
پاکستان نے بنگلادیش کا 197 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کردیا۔ محمد حارث 107 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ صائم ایوب نے 45 رنز بنائے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ خوشی بہت ہے نوجوان کرکٹرز نے پرفارم کیا، ہمیں دیکھنا یہ ہے کہ ہمیں کرکٹ کیسی کھیلنی ہے، فینز کو تفریح مہیا کرنی ہے۔
سلمان علی آغا نے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر گردش کرتے اسکرین شاٹس جس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ سلمان نے بابر اعظم کو انسٹاگرام پر اَن فالو کر دیا ہے اور دونوں کرکٹرز کے درمیان تعلقات اچھے نہیں، کے بارے میں بھی بات کی۔
اس حوالے سے پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے کپتان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے بابر اعظم کو اَن فالو کردیا جس پر جواب دیتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ 'میں نے بابر اعظم کو انسٹاگرام پر کبھی فالو ہی نہیں کیا تو اَن فالو کیا کرنا ہے، لوگ ایسی ہی باتیں کرتے رہتے ہیں'۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ بابر میرا 2008سے اسکول کا دوست ہے، تب تو اتنا سوشل میڈیا بھی نہیں تھا، بس لوگوں کا خیال ہے کہ میں نے بابر کو اَن فالو کر دیا، ایسا کچھ نہیں ہے، میں نے میچ سے پہلے بابر سے بات کی تھی، ہم یہ ساری چیزیں دیکھ کر صرف ہنستے ہی ہیں۔
اس کے علاوہ بنگلادیش کے خلاف میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے مزید کہاکہ جب تک میں کپتان ہوں، ہمیں ایسے ہی کرکٹ کھیلنی ہے، ہمیں بولروں اور بیٹرز کو انڈر پریشر رکھنا ہے، ہماری کوشش یہی ہے کہ مین ٹیم یہی رہے لیکن کوئی بھی ٹیم میں واپس آ سکتا ہے سب کے لیے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محمد حارث نے پوری سیریز میں اچھا کھیلا، ہم ڈومیسٹک کو بھی عزت دیں گے اور اس پرفارمنس کی بھی اہمیت رہتی ہے، پی ایس ایل سے بھی کھلاڑی آ رہے ہیں۔