02 جون ، 2025
اسلام آباد: بھارتی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات پر دفتر خارجہ پاکستان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی قیادت کا بیانیہ امن نہیں بلکہ دشمنی کو ترجیح دینے والا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ بھارت کے پاکستان میں دہشتگردی کی معاونت کے شواہد موجود ہیں، کھوکھلے بیانیے اور توجہ ہٹانے کی کوششیں سچ کو چھپا نہیں سکتیں، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی قیادت کا بیانیہ امن نہیں، دشمنی کو ترجیح دینے والا ہے، بھارت کا پاکستان کو عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہراناحقائق سےانحراف ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کا تنازع خطے کے امن و استحکام کے لیے بنیادی خطرہ ہے، پاکستان کشمیری عوام کی خواہشات اور یو این قراردادوں کےمطابق حل کاحامی ہے جب کہ مسئلہ کشمیر کو نظرانداز کرناخطے کو بداعتمادی اور تصادم میں جھونکنے کےمترادف ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حالیہ واقعات سے واضح ہےکہ جنگی جنون اور دھونس بے سود ہیں، بھارت دھمکیوں، غلط بیانی یا طاقت کے ذریعے اپنے مقاصدحاصل نہیں کرسکتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے سنجیدگی، برداشت اورمسئلےکی اصل جڑ کو سمجھنا ہوگا۔