02 جون ، 2025
پاکستانی اداکار و ہدایت کار یاسر حسین نے 12 بچوں کی خواہش کا اظہار کردیا۔
حال ہی میں اداکار یاسر حسین جیو نیوز کے شو ’ ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے جس دوران تابش ہاشمی نے یاسر حسین سے مختلف اور دلچسپ موضوعات سے متعلق سوال کیے۔
ذاتی زندگی اور کیرئیر سے متعلق سوال پر یاسر نے بتایا کہ ’ہم 12 بہن بھائی ہیں اور میں ان سب میں سب سے چھوٹا ہوں ‘۔
یاسر حسین کے مطابق’ اتنے بہن بھائی ہونے کے باوجود بچپن بہت پرسکون تھا، ہمارے گھر میں ایک ہی باتھ روم تھا اور ہم سب بہن بھائی ایک ہی باتھ روم استعمال کرتے تھے‘۔
یاسر حسین کی بات پر تابش ہاشمی نے سوال کیا کہ آپ کے نزدیک لوگ جدید دور میں 12 بچوں کی ذمہ داری نبھاسکتے ہیں؟ اس پر یاسر نے کہا بخوبی نبھاسکتے ہیں اور آج بھی ایسے لوگ ہیں جن کے 12، 12 بچے ہیں۔
اس پر تابش نے کہا کیا آپ اور اقرا جیسے مصروف انسان 12 بچے چاہیں گے؟ یاسر نے ہسنتے ہوئے خوشی سے کہا ’آپ کے منہ میں گھی شکر‘۔
کیرئیر سے متعلق یاسر حسین نے بتایا کہ ’مجھے بچپن سے ہی ایکٹنگ کا شوق تھا، اسکول لائف میں ایک ڈانس کمپٹیشن کا حصہ بنا جس کی تصاویر بھی فروخت ہوئیں اس کے بعد تھیٹر سے شوبز کا آغاز کیا‘۔