02 جون ، 2025
ایکس (ٹوئٹر) میں بہت جلد ایک اور بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے۔
ایکس کے ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز) کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
ایکس کے مالک ایلون مسک نے ڈائریکٹ میسجز کی جگہ ایکس چیٹ کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
ایکس چیٹ میں صارفین کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن، مخصوص وقت کے بعد خودکار طور پر ڈیلیٹ ہو جانے والے میسجز، فائل شیئرنگ اور وائس/ آڈیو کالنگ جیسے فیچرز دستیاب ہوں گے۔
ایک ایکس پوسٹ میں ایلون مسک نے ایکس چیٹ کے فیچرز کے بارے میں بتایا۔
ایلون مسک کی جانب سے ایکس چیٹ کے ذریعے ایکس کو واٹس ایپ، ٹیلیگرام اور سگنل جیسے میسجنگ پلیٹ فارمز کے مقابلے پر کھڑا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے میسجنگ سسٹم کے لیے بٹ کوائن جیسے انکرپٹڈ سسٹم کو استعمال کیا جا رہا ہے مگر انہوں تکنیکی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
ایکس چیٹ پہلے ہی ایکس کو ماہانہ فیس ادا کرنے والے کچھ صارفین کو بیٹا (beta) موڈ میں دستیاب ہے۔
اب ایکس چیٹ کا فیچر اس پلیٹ فارم کے مفت صارفین کو دستیاب ہوگا یا نہیں، یہ کہنا ابھی مشکل ہے۔
ایلون مسک کا بنیادی مقصد ایکس کو سپر ایپ بنانا ہے جس میں صارفین کو سب کچھ ایک جگہ ہی دستیاب ہوگا۔
وہ میسجنگ، پیمنٹس، میڈیا اور دیگر متعدد چیزوں کو ایکس کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔