پاکستان

کراچی میں زلزلے کے جھٹکے، ملیر جیل سے 200 سے زائد قیدی فرار ہوگئے

کراچی میں زلزلے کے جھٹکوں کے دوران ملیر جیل  سے 200 سے زائد قیدی فرار ہوگئے جن میں سے متعدد کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔

پیر کی رات کراچی کی ملیر جیل میں صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب شہر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ملیر جیل انتظامیہ کا کہناہے کہ پیر کی رات زلزلے کے دوران نقصان سے بچنے کے لیے قیدیوں کو بیرکوں سے باہر بٹھایا گیا تھا، زلزلےکے باعث ہنگامہ آرائی شروع ہوئی، قیدیوں نے پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی اور اسلحہ چھین کر فائرنگ کی اور اس دوران 200 سے زائد قیدی فرار ہوئے۔

ڈی آئی جی جیل کراچی محمد حسن سہتو نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکوں کے دوران قیدیوں کی بڑی تعداد بیرکس سے باہر نکلی، قیدیوں نے ماڑی کا گیٹ بھی توڑا، قیدیوں نے جیل پولیس اہلکاروں پر تشدد  کیا۔

ڈی آئی جی جیل کا کہنا تھا کہ صورتحال قابو میں ہیں،جیل میں قیدیوں کی گنتی کریں گے تو پتہ چلے گا کتنے قیدی فرار ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدیوں نے جیل میں پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھینا، پولیس اور قیدیوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔

ایک قیدی ہلاک، 5 سکیورٹی اہلکار زخمی

واقعہ میں ایک قیدی ہلاک ہوا جبکہ 3 قیدی، 3 ایف سی اہلکار اور 2 جیل پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات تھیں کہ زلزلے کے باعث جیل کے بیرکس کی دیواروں میں دراڑ پڑ گئی تھی،کچھ قیدی جیل کی دیوار توڑ کر فرار ہوگئے۔

فرار ہونے والے 80 قیدی دوبارہ گرفتار 

کراچی میں زلزلے کے جھٹکے، ملیر جیل سے 200 سے زائد قیدی فرار ہوگئے
فرار ہونے والے قیدیوں کی ویڈیو شہریوں نے بنائی—فوٹو: اسکرین گریب

پولیس کے مطابق فرار ہونے والے قیدیوں میں سے 50 سے زائد قیدیوں کو دوبارہ پکڑ لیا گیا ہے۔ قیدیوں کو قذافی ٹاؤن،شاہ لطیف اور بھینس کالونی سے گرفتارکیاگیا۔

سپرنٹنڈنٹ جیل ارشد شاہ کے مطابق 216 قیدی ملیر جیل سے فرار ہوئے، فرار ہونے والے 80 قیدیوں کو گرفتار کرلیا گیا، 135 سے زائد قیدی تاحال فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

ادھر ملیر جیل میں سرچ آپریشن مکمل کرلیاگیا اور  پولیس، رینجرز اور ایف سی نے ملیر جیل کا کنٹرول سنبھال لیا۔

ذرائع کے مطابق ملیر جیل میں قیدیوں کی گنجائش 2400 ہے۔

ملیر جیل کی دیوارنہیں ٹوٹی،قیدی گیٹ سےنکلے: وزیر داخلہ سندھ

وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار نے جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ ملیر جیل کی دیوارنہیں ٹوٹی،قیدی گیٹ سےنکلے ہیں، ابتدائی اطلاعات تھیں کہ جیل کی دیوار ٹوٹی ہے۔ حتمی رپورٹ آنے تک کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار نے دعویٰ کیا کہ فرار ہونے والے قیدی سنگین جرائم میں ملوث نہیں تھے زلزلے کے باعث قیدی بیرکوں سے بھاگے،جیل کے گیٹ پر 700 سے ایک ہزار قیدی جمع ہوئے اور جیل کا گیٹ توڑکر قیدی فرار ہوگئے۔

ملیر جیل میں پیش آنیوالے واقعے میں کوتاہی بھی ہوسکتی ہے: وزیر داخلہ سندھ

انہوں نے بتایا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران ایک قیدی ہلاک اور 5 زخمی ہوئے ۔3 ایف سی اور 2 جیل پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا کہ 6 ہزار قیدی جیل میں موجود ہیں،ملیر جیل میں پیش آنے والے واقعے میں کوتاہی بھی ہوسکتی ہے۔ واقعے کی وجوہات جاننےمیں کچھ وقت لگےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس، رینجرز اور ایف سی نے ملیر جیل کا کنٹرول سنبھال لیا۔دیگر مفرور قیدیوں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے پر صوبائی وزیر جیل کا نوٹس

 وزیر جیل سندھ علی حسن زرداری نے آئی جی جیل اور ڈی آئی جیل سے رپورٹ طلب کرلی اور حکم دیا کہ  علاقے کو کارڈن آف کر دیا جائے۔

وزیر جیل سندھ نے ہدایات دیں کہ کوئی قیدی فرار ہوا ہے تو ہر حال میں پکڑا جائے،  واقعے میں غفلت برتنے والے افسران کا تعین کیا جائے گا۔

کراچی میں اتوار سے اب تک 11 بار زلزلے کے جھٹکے

کراچی میں پیر کو ایک بارپھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات 12بج کر53 منٹ پر پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 3.4 ریکارڈ کی گئی۔

لانڈھی میں زلزلے کی وجہ سے کئی مکانات کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں اور شہری خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔


مزید خبریں :