04 جون ، 2025
کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے قائد آباد، شاہ لطیف، بھینس کالونی میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی شدت 3.1 اورگہرائی 80 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ملیر سے 10 کلومیٹر دور مشرق میں تھا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے شدید نوعیت کے تھے۔زلزلے کے باعث کسی قسم کی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واضح رہے کہ کراچی شہر میں اتوار سے وقفے وقفے سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جارہے ہیں اور اب تک تقریباً 22 بار شہر میں زلزلہ آیا ہے۔
اس سے قبل منگل کی صبح11 بج کر51 منٹ پر بھی شہر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت 2، گہرائی 10کلو میٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز ملیر کے مشرق میں 23 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔
اس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر نے بتایا کہ یہ زلزلے کے جھٹکے لانڈھی فالٹ لائن متحرک ہونے سے آرہے ہیں، یہ فالٹ لائن اب معمول پر آنے کے عمل سے گزر رہی ہے تاہم مزید ایک ہفتے تک معمولی شدت کے زلزلے آسکتے ہیں۔