04 جون ، 2025
وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ٹرمپ کی کونسل برائے ڈیجیٹل اثاثہ جات کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رابرٹ بو ہائنز سے ایک اہم ملاقات کی۔
بلال بن ثاقب نے بتایا کہ وائٹ ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں بٹ کوائن کے انضمام، ڈیجیٹل اثاثہ جات کی اسٹریٹیجک ہم آہنگی اور غیرمرکزی ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے مستقبل سے متعلق بات چیت کی گئی۔
ان کہنا تھا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل اثاثوں کے میدان میں گلوبل ساؤتھ کا رہنما بنانا ہمارا خواب ہے، ہم نہ صرف اسٹریٹیجک بٹ کوائن ریزرو کے ذریعے نئی معیشت کی بنیاد رکھ رہے ہیں بلکہ کرپٹو مائننگ اور مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا زونز کے لیے قومی بنیادی ڈھانچہ بھی بنارہے ہیں۔
معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ ملاقات میں فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان ڈیجیٹل اثاثہ جات، ریگولیٹری ہم آہنگی اور جدید مالیاتی ٹیکنالوجیز پر اشتراک کارکو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔