Time 04 جون ، 2025
کھیل

آئی پی ایل میں آر سی بی کی جیت کا جشن، بنگلور میں بھگدڑ مچنے سے 11 افراد ہلاک

آئی پی ایل میں آر سی بی کی جیت کا جشن، بنگلور میں بھگدڑ مچنے سے 11 افراد ہلاک
فوٹو: رائٹرز

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور  (آر سی بی) کی پہلی بار فتح کا جشن منانے کے دوران ریاست کرناٹک کے  شہر بنگلور میں 2 مختلف مقامات پر بھگدڑ مچنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک، جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہجوم اس وقت بے قابو ہوا جب شائقین کی بڑی تعداد ایم چنا سوامی اسٹیڈیم کے باہر جمع ہوگئی جہاں کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن  کی جانب سے ٹیم کے اعزاز میں تقریب رکھی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ 2 اموات ودھانا سودھا کے احاطے میں ہوئیں جہاں آر سی بی ٹیم وزیراعلیٰ سدارامیا سے ملاقات کے لیے پہنچی تھی۔ ٹیم کے خیرمقدمی پروگرام کے موقع پر وہاں بھی بے قابو ہجوم کے باعث بدانتظامی دیکھنے میں آئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بھگدڑ کے باعث کئی افراد بے ہوش ہوگئے جبکہ موقع پر بنائی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس زخمی اور بے ہوش افراد کو اسپتال منتقل کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس دوران اسٹیڈیم کے قریب کئی میٹرو اسٹیشنز پر بھی غیر معمولی ہجوم دیکھا گیا جبکہ باؤرنگ اسپتال میں مسلسل ایمبولینسز زخمیوں کو لاتی اور پھر واپس اسٹیڈیم کی جانب روانہ ہوتی رہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جشن منانے والے ہجوم کو منگل کی رات سے ہی قابو میں رکھنے کی کوششیں جاری تھیں۔ 

مزید خبریں :