پاکستان

ٹک ٹاکر ثناء یوسف کا قاتل گھر میں کیسے داخل ہوا؟ مزید تفصیلات سامنے آگئیں

ٹک ٹاکر ثناء یوسف کا قاتل گھر میں کیسے داخل ہوا؟ مزید تفصیلات سامنے آگئیں
ثناء یوسف اپنے والدین کے ہمراہ گھر کی پہلی منزل پر رہتی تھی، گراؤنڈ فلور پر دیگر کرائے دار رہائش پذیر تھے__فوٹو: انسٹاگرام

2 جون کو اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 میں قتل کی جانے والی معروف ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل سے متعلق سنسنی خیز تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ثناء اور اس کے قاتل عمر حیات المعروف کاکا جو ثناء سے دوستی کا خواہشمند تھا، دونوں کے درمیان 29 مئی کو ملنے کا فیصلہ ہوا جس روز ثناء کی 17 ویں سالگرہ تھی۔

عمر حیات 29 مئی کو فیصل آباد سے تحائف لے کر اسلام آباد پہنچا اور 6 گھنٹے تک مسلسل ثناء کو فون کرتا رہا اور ملنے کا تقاضہ کرتا رہا جس پر ثناء اسے ٹالتی رہی اور کہتی رہی آدھا گھنٹہ رک جاؤ، ایک گھنٹہ رکو۔

آخر میں 29 تاریخ کو ثناء عمر سے ملاقات کرنے سے انکار کردیتی ہے جس کے بعد عمر تمام تحائف پھینک کر غصے میں فیصل آباد واپس روانہ ہوجاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس کے بعد ان کی گفتگو دوبارہ شروع ہوتی ہے، ناراضگی کے بعد دوبارہ راضی نامہ ہوتا ہے جس کے بعد 2 جون کو دوبارہ ملنے پر دونوں راضی ہوتے ہیں، قتل کے روز دونوں کی ملاقات طے ہوئی۔

عمر حیات 2 جون کو فیصل آباد سے پبلک ٹرانسپورٹ میں صبح 5 بجے اسلام آباد 26 نمبر چنگی پہنچا اور وہاں اس نے آن لائن فورچیونر گاڑی بلوائی جس میں بیٹھ کر وہ ثناء کی رہائش گاہ کے قریب پہنچا، اور ڈرائیور سمیت وہ گاڑی کچھ دور پارک کرواکے مسلسل ثناء کو فون کرنے لگا۔

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق اس وقت چونکہ ثناء سورہی تھی تو اس نے فون نہیں دیکھا، جاگنے کے بعد ثناء سے عمر کا رابطہ ہوا  جس پر ثناء نے اسے کچھ دیر میں ملنے کا کہا اور یہی سلسلہ 12 گھنٹے تقریباً شام ساڑھے 4 بجے تک جاری رہا، 4:30 پر ثناء نے والدین کا گھر میں بتاکر عمر سے ملنے سے انکار کردیا۔

عمر حیات گھر میں کیسے داخل ہوا؟

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق ثناء اپنے والدین کے ہمراہ گھر کی پہلی منزل پر رہتی تھی، گراؤنڈ فلور پر دیگر کرائے دار رہائش پذیر تھے اور یہ بات عمر کو معلوم تھی، غصے میں عمر حیات اس کے گھر پہنچا اور اندر جانے کا راستہ تلاش کرنے لگا۔

گراؤنڈ فلور پر رہائش پذیر خاتون کسی کام سے باہر نکلیں اور دروازہ بھیڑ کر چلی گئیں، ہوا سے دروازہ کھلا تو عمر جو پہلے ہی موقع کی تلاش میں تھا وہ فوراً اندر گیا اور سیڑھیوں سے اوپر ثناء کے کمرے میں چلا گیا، اس وقت گھر میں ثناء اور اس کی پھوپھو ہی تھیں۔

ثناء کی آخری گفتگو:

ٹک ٹاکر عمر کو اپنے کمرے میں دیکھ کر  وہ پریشان ہوجاتی ہے اور فوراً کہتی ہے کہ 'یہاں کیوں آئے ہو؟ یہاں تو کیمرے لگے ہیں، میرے گھر والے آجائیں گے، برائے مہربانی یہاں سے جاؤ'۔

عمر حیات اس وقت مشتعل ہوتا ہے جس پر ثناء کہتی ہے 'میں تمہیں پانی پلاتی ہوں، ریلیکس'۔

اسی دوران عمر نے ثناء کی بات نظر انداز کرکے پستول نکالی اور اس کے سینے میں دو گولیاں ماریں جس کے بعد وہ شدید زخمی ہوگئی اور بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئی۔

مزید خبریں :