Time 05 جون ، 2025
کھیل

عاطف رانا کا پی ایس ایل کی ٹرافی کے ساتھ امریکی سفارتخانےکا دورہ

عاطف رانا کا پی ایس ایل کی ٹرافی کے ساتھ امریکی سفارتخانےکا دورہ
فوٹو: لاہور قلندرز

لاہور قلندرز کے مالک  اور  سی ای او عاطف رانا نے پی ایس ایل کی ٹرافی کے ساتھ امریکی سفارتخانےکا دورہ کیا اور ناظم الامور نیٹلی اے بیکر سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات خیرسگالی کے جذبے کے تحت ہوئی جس میں لاہور قلندرز کے نمائندوں اور امریکی سفارتخانےکی کرکٹ ٹیم ، مداحوں اور کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ ملاقات کے دوران عاطف رانا نے نیٹلی بیکر کو لاہور قلندرز کی دستخط شدہ جرسی پیش کی جو اُن کے لیے ایک یادگار تحفہ تھی۔

نیٹلی بیکر نے اس سیزن کے دوران لاہور قلندرز کے دو میچز جن میں سنسنی خیز فائنل بھی شامل ہے، براہِ راست دیکھے اور ٹیم کی توانائی، جذبے اور جیت کی تعریف کی۔

نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ لائیو کرکٹ دیکھنا ایک شاندار تجربہ رہا، میں قذافی اسٹیڈیم میں موجود بھرپورکراؤڈ اور اس کے جوش و خروش کو دیکھ کر حیران رہ گئی۔ ایک امریکی ہونے کے ناطے میں بیس بال کے ماحول میں پلی بڑھی ہوں، لیکن کرکٹ کا جذبہ اور اس میں موجود جوش یقیناً متاثر کن ہے۔ اب جب کہ دونوں کھیل اولمپکس کا حصہ ہیں مجھے یقین ہے کہ یہ عالمی روابط کو مزید فروغ دیں گے۔ میں لاہور قلندرز کی جانب سے ملنے والے پرتپاک استقبال پر شکرگزار ہوں۔

عاطف رانا کا پی ایس ایل کی ٹرافی کے ساتھ امریکی سفارتخانےکا دورہ
فوٹو: لاہور قلندرز

عاطف رانا نے کرکٹ کے لیے امریکی سفارتخانے کی دلچسپی کو سراہا اور نیٹلی بیکر کا شکریہ ادا کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے خوشی کا باعث ہے کہ کرکٹ امریکی سفارتخانے میں دلچسپی کا مرکز بن رہی ہے اور امریکی دوستوں کی اس کھیل کے لیے محبت قابلِ تعریف ہے، ہم خاص طور پر نیٹلی بیکر کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمارے میچز دیکھے، وہ ہمیشہ کے لیے قلندرز فیملی کا حصہ ہیں، جیسا کہ ہم کہتے ہیں کہ جو ایک بار قلندر بنے، وہ ہمیشہ کے لیے قلندر ہوتا ہے۔


مزید خبریں :