Geo News
Geo News

پاکستان
14 مارچ ، 2013

قومی اسمبلی کا آخری اجلاس ختم، غیر ملکی سفیروں نے بھی کارروائی دیکھی

قومی اسمبلی کا آخری اجلاس ختم، غیر ملکی سفیروں نے بھی کارروائی دیکھی

اسلام آباد … ملکی تاریخ میں 5 سال کی مدت پوری کرنے والی پہلی قومی اسمبلی کے آخری اجلاس کی کارروائی ختم ہوگئی، اس موقع پر اسمبلی گیلری میں غیر ملکی سفیر بھی موجود تھے۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آزاد اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں، برطانوی ہائی کمشنر کہتے ہیں آئندہ عام انتخابات پاکستانی تاریخ کے سب سے قابل اعتماد انتخابات ہوں گے۔ قومی اسمبلی کا الوداعی اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدا مرزا کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوٴس میں ہوا جس کے دوران ارکان نے پارلیمنٹ کی 5 سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور الوداعی کلمات کہے۔ ایوان نے 3 قراردادیں بھی منظور کیں جن میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوریت کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے، افضل گورو کی لاش ورثاء کے حوالے کرنے اور خواتین کاکس کو آئندہ بھی جاری رکھنے کی قراردادیں شامل تھیں۔ غیر ملکی سفیروں کی بڑی تعداد نے بھی اسپیکر گیلری میں بیٹھ کر قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس کی کارروائی دیکھی، اسپیکر کے استقبالئے میں جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکا پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کی حمایت جاری رکھے گا، آج کادن پاکستان میں جمہوریت کیلئے بڑا دن ہے، پارلیمنٹ اور قوم مبارکباد کی مستحق ہے ، پاکستان میں جمہوری نظام مزید مستحکم ہو گا۔ بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے کہا کہ بھارت میں جمہوری عمل کی مضبوطی کے بعد ہی جمہوریت آئی ہے، عوام کو فیصلہ کرنے دیں کس نے حکومت کرنی ہے، دو طرفہ مسائل بھی عوام کی خواہشات کے تحت حل ہو سکتے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات پاکستان میں انتخابات پہلی بار شفاف ووٹر لسٹوں ،آزاد الیکشن کمیشن ، طاقتور عدلیہ اور آزاد میڈیا کی موجودگی میں ہو رہے ہیں، انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے برطانیہ اپنے مبصرین بھجوائے گا، پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل میں کوئی شک نہیں۔ ایڈم تھامسن نے کہا کہ وہ یہ تو کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں توانائی کا بحران ہے، مگر پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے پر کچھ نہیں کہیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدا مرزا نے کہا کہ ملک میں پہلی بار جمہوری حکومت نے اپنی مدت پوری کی، موجودہ پارلیمنٹ آمریت کے پنجوں سے آزادی کا ثبوت ہے، فوجی قیادت نے سیکیورٹی معاملات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم نے ماضی سے سیکھا ہے، جمہوریت کی خوبصورتی اس کے جاری رہنے میں ہی ہے۔

مزید خبریں :