پاکستان
14 مارچ ، 2013

الیکشن کمیشن کے احکامات نظرانداز ، سندھ حکومت میں اندھا دھند بھرتیاں

الیکشن کمیشن کے احکامات نظرانداز ، سندھ حکومت میں اندھا دھند بھرتیاں

کراچی … الیکشن کمیشن کے احکامات نظرانداز کرتے ہوئے چند گھنٹوں کی مہمان سندھ حکومت نے جاتے جاتے کئی ہزار افراد کو بھرتی کرلیا ہے، تعلیم، خزانہ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے محکموں میں لگتا ہے لوگوں کی لاٹریاں نکل آئی ہیں۔ انتخابات میں اب چند ہی دن اورحکومت جانے میں کچھ ہی گھنٹے رہ گئے ہیں، ایسے میں نوکریوں کو ٹوکریوں میں بھربھر کر بانٹا جارہا ہے۔ جاتی ہوئی حکومت بھرتیوں کے نام پر ایسی بندربانٹ کررہی ہے کہ ناجانے نئی حکومت کو کب تک اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرریوں پر پابندی کی ایسی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں کہ سننے والے کا ن اوردیکھنے والی آنکھوں کو یقین ہی نہیں آرہا۔ پنجاب حکومت نے ایک لاکھ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کااعلان کیا کیا سندھ حکومت اس سے بھی آگے نکل گئی، ڈیڑھ لاکھ ملازمین کو مستقل کرنے کی نوید دے ڈالی۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں 250 بھرتیاں، محکمہ خزانہ میں 126 ملازمتیں جبکہ ملک کی ایک اعلیٰ شخصیت کے پاس تو پورے 2700 آفر لیٹرز منظور نظر لوگوں کیلئے موجود ہیں۔ محکمہ تعلیم سندھ کے زیر انتظام چلنے والے بیورو آف کریکولم میں 400 ایسے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے پھرتیاں دکھائی جارہی ہیں جو اکتوبر 2012ء سے فارغ بیٹھے ہیں۔ حکومت سندھ میں محکمہ خزانہ توشاید خالی ہوگیا ہو لیکن درجنوں جیالوں کو نوکریوں کے آرڈرز کھلے دل سے جاری کئے جارہے ہیں۔ گریڈ 12 کی ڈیٹا پروسیسنگ اسسٹنٹ کی اسامیوں پر تقرر ہونے والے جیالوں میں وزیر کے عزیزبھی شامل ہیں جن کاتعلق دادو سے ہے۔ سندھ حکومت میں محکمہ صحت نے حد ہی کردی جہاں محض ڈھائی ماہ میں چوتھی من پسند شخصیت کو چانڈکا میڈیکل کالج ٹیچنگ اسپتا ل لاڑکانہ کا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لگا دیا گیا۔ بدھ کی شام ایک نوٹی فکیشن کے ذریعے گریڈ 19 کے ڈاکٹر ذوالفقار سیال کو گریڈ 20 کے عہدے پر متعین کرنے کا حکم جاری کر دیاگیاہے اور اس عہدے پر 3 ہفتے قبل مقرر ہونے والے گریڈ 19 کے ڈاکٹر انصاف مگسی کو ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیاہے۔

مزید خبریں :