Time 10 جون ، 2025
کھیل

آئی پی ایل2025 جیتنے والی رائل چیلنجرز بنگلور کے مالکان فرنچائز فروخت کے خواہشمند ، ممکنہ قیمت کیا ہوگی؟

آئی پی ایل2025  جیتنے والی رائل چیلنجرز بنگلور کے مالکان فرنچائز فروخت کے خواہشمند ، ممکنہ قیمت کیا ہوگی؟
مالکان ممکنہ سرمایہ کاروں کے ساتھ بات چیت بھی کررہے ہیں، اگرچہ ابھی تک فرنچائز کی قیمت سے متعلق کوئی باضابطہ معلومات نہیں مل سکی ہے/ فائل فوٹو

18 سال کے طویل انتظار کے بعد انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کی ٹرافی اپنے نام کرنیوالی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کے مالکان  فرنچائز کو فروخت کرنے کے خواہش مند ہیں۔

رائل چیلنجرز بنگلور نے آئی پی ایل 2025 کے فائنل میں پنجاب کنگز کو 6 رنز سے شکست دے کر 2008 سے شروع ہونے والی آئی پی ایل کا اپنا پہلا ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا کیا تاہم اب ایک ہفتے بعد ہی مالکان کی جانب سے فرنچائز کو فروخت کرنے کی خواہش سامنے آئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  رائل چیلنجرز بنگلور  کے  موجودہ مالکان( Diageo Plc) فرنچائز کو جزوی طور پر یا مکمل طور پر فروخت کرنے کے خواہشمند ہیں جس کے لیے مالکان ممکنہ سرمایہ کاروں کے ساتھ بات چیت بھی کررہے ہیں، اگرچہ ابھی تک فرنچائز کی قیمت سے متعلق کوئی باضابطہ معلومات نہیں مل سکی ہے۔

تاہم بلومبرگ کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق مالکان فرنچائز کی مکمل فروخت کے لیے 2 ارب ڈالر (تقریباً 16 ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زائد) تک کی قیمت کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ 2008 میں کنگ فشر ائیر لائنز کے کرتا دھرتا  وجے مالیا نے  رائل چیلنجرز بنگلور کو خریدا تھا تاہم مالیا کے قرض میں ڈوبنے کے بعد  Diageo Plc فرنچائز کے مالک بن گئے تھے۔

مزید خبریں :