11 جون ، 2025
کراچی : بنگلا دیش کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں محمد حارث کی غیر معمولی کارکردگی کے باعث محمد رضوان کا ستارہ گردش میں دکھائی دیتا ہےاور قسمت اب روحیل نذیر پر مہربان ہے۔
سلیکٹرز باصلاحیت روحیل نذیر کو موقع دینے پر متفق ہیں، بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں روحیل نذیر کو موقع ملنے کے امکانات روشن ہیں، اس بات کے امکانات ہیں کہ اگلے6 ماہ بابر اعظم اور محمد رضوان پاکستان ٹیم کی جانب سے ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے۔
نومبر میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیسٹ سیریز کے موقع پر ان کی سلیکشن پر غور کیا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دونوں کی واپسی مشکل ہی نہیں ناممکن دکھائی دے رہی ہے، قومی ٹیم سے متعلق اہم فیصلے کیے جارہے ہیں لیکن سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے سرفراز احمد اور سکندر بخت کے بارے میں ابھی پی سی بی نے باضابطہ کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا اور نہ ہی ان کی ذمے داریوں کا تعین کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی ویب سائٹ کے مطابق اسد شفیق ، اظہر علی اور حسن چیمہ ابھی تک سلیکشن کمیٹی کے رکن ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد اور سکندر بخت کو سلیکٹرز کی کارکردگی کو دیکھنے اور بعض نظر انداز کھلاڑیوں کے بارے میں سلیکٹرز کی توجہ دلانے کا ٹاسک دیا گیا ہے، دونوں نے اسلام آباد اور لاہور کی ان میٹنگز میں شرکت کی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عاقب جاوید کے ساتھ مائیک ہیسن اور سلمان علی آغا اہم فیصلوں میں پیش پیش دکھائی دے رہے ہیں، لاہور میں گز شتہ ہفتے سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں روحیل نذیر کو موقع دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ اور عامر جمال ان فٹ ہیں اور انہیں مکمل فٹ ہونے میں کچھ وقت درکار ہے، البتہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا کو پاکستان کرکٹ ٹیم میں چانس ملنے کا کوئی امکان نہیں ، انہیں آنکھوں کی کوئی بیماری ہے جس کے علاج کیلئے آئی اسپیشلسٹ سے وقت لیا جارہا ہے۔
فلڈ لائٹس میں انہیں گیند کو دیکھنے میں مشکل پیش آرہی ہے لہٰذا ان کی فٹنس پر بھی کام کیا جائے گا، علی رضا کو پاکستان شاہینز کی جانب سے مواقع دے کر گروم کیا جائے گا۔
پی سی بی کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ سرفراز احمداور سکندر بخت کی تقرری کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے، مائیک ہیسن اب نیوزی لینڈ واپس جاچکے ہیں، وہ 7 جولائی کو کراچی واپس آئیں گے، 10 جولائی سے کراچی میں بنگلا دیش کی سیریز کیلئے تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔