11 جون ، 2025
کراچی: وفاقی بجٹ کے اگلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا۔
گزشتہ روز آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے بعد آج بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور سرمایہ کار پراعتماد دکھائی دیے۔
کاروبار کے آغاز پر اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 1571 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 123596 پر پہنچ گیا۔
کاروبار کے دوران مارکیٹ میں مزید تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس مجموعی طور پر 2101 پوائنٹس اضافے سے 124126 پر پہنچ گیا۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 2328 پوائنٹس اضافے سے 124352 کی ریکارڈ بلندی پر بند ہوا۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 1350 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ بازار میں 1.04 ارب شیئرز کے سودے 46.7 ارب روپے میں طے ہوئے۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن 226 ارب روپے بڑھ کر 14994 ارب روپے ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز 175 کھرب سے زائد (17 ہزار 573 ارب) کا بجٹ پیش کیا تھا جس میں تنخواہوں میں 10 اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی جب کہ تنخواہوں پر بھی انکم ٹیکس کی شرح میں کمی کی گئی تھی۔
بجٹ 2025-26 میں جائیداد کی خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 4 فیصد سے کم کرکے 2.5 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ جائیداد کی خریداری پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی 3.5 فیصد شرح کم کرکے 2 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔