11 جون ، 2025
ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ ان کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں گزشتہ ہفتے کی جانے والی کچھ سوشل میڈیا پوسٹس پر انہیں پچھتاوا ہے۔
ایلون مسک نے یہ پوسٹس امریکی صدر کے خلاف گزشتہ ہفتے دھماکا خیز عوامی تنازع کے دوران کی تھی۔
اس تنازع کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک کے درمیان شراکت داری ختم ہوگئی جس کے دوران ٹیسلا کے مالک نے ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی کی سربراہی بھی کی۔
امریکی صدر سے تنازع کے بعد ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کو مالی طور پر شدید دھچکا لگا تھا، مگر اب کمپنی کے حصص ایک بار پھر اوپر کی جانب جا رہے ہیں۔
ایلون مسک کی جانب سے 11 جون کو ایکس (ٹوئٹر) پر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ 'مجھے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں گزشتہ ہفتے کی جانب والی میری کچھ پوسٹس پر پچھتاوا ہے، میں نے کچھ زیادہ ہی آگے چلا گیا تھا'۔
یہ تنازع 3 جون کو اس وقت شروع ہوا جب ایلون مسک نے ٹرمپ کے مجوزہ بگ بیوٹی فل بل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایک انٹرویو کے دوران ایلون مسک نے کہا کہ یہ بل ان کے ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی کے کام کو نقصان پہنچائے گا۔
بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹس میں کہا کہ اس بل سے امریکی بجٹ کے خسارے میں نمایاں حد تک اضافہ ہوگا۔
مگر گزشتہ چند دنوں کے دوران ایلون مسک نے اپنی ان چند سوشل میڈیا پوسٹس کو ڈیلیٹ کر دیا ہے جن سے اس تنازع کی شدت میں اضافہ ہوا تھا، مثال کے طور پر ایک ایسی پوسٹ ڈیلیٹ کی جس میں انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ اور جیفری اپسٹین کے درمیان تعلق کا دعویٰ کیا تھا، جس کی وائٹ ہاؤس کی جانب سے تردید کی گئی۔
ایک اور پوسٹ جس میں ایلون مسک نے ایک صارف کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے مطالبے پر ہاں لکھا تھا، اسے بھی ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔
یہ تنازع ایلون مسک اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ایکس اور ٹروتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں سامنے آیا تھا۔
ایکس کے مالک ایلون مسک ہیں جبکہ امریکی صدر ٹروتھ سوشل کے مالک ہیں۔
البتہ اب ایسا لگتا ہے کہ دونوں فریقین حالات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں جیسے ایلون مسک نے کچھ پوسٹس پر پچھتاوے کا ذکر کیا۔
اسی طرح 9 جون کو ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک ٹیکنالوجی کو وائٹ ہاؤس میں برقرار رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ایلون مسک کے لیے نیک خواہشات ہیں، ایلون مسک سےفون پربات کرنےکا نہیں سوچا مگر میں تصورکرسکتاہوں کہ ایلون مسک مجھ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔