11 جون ، 2025
ایکس (ٹوئٹر) کے مقابلے پر میٹا نے لگ بھگ 2 سال قبل جولائی 2023 میں تھریڈز کو متعارف کرایا تھا۔
مگر اب جاکر تھریڈز میں ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایم) فیچر کو متعارف کرایا جا رہا ہے یعنی لوگ اس میں ایک دوسرے سے چیٹ کرسکیں گے۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا۔
مارک زکربرگ نے بتایا کہ تھریڈز میں ڈی ایم کی آزمائش کی جا رہی ہے، اگر آپ کو اس تک رسائی حاصل ہے تو اسے استعمال کرکے دیکھیں۔
میٹا کے مطابق ڈی ایم فیچر کو سب سے پہلے ہانگ کانگ، تھائی لینڈ اور ارجنٹینا میں متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ دیگر ممالک میں اسے آنے والے مہینوں میں توسیع دی جائے گی۔
میٹا نے بتایا کہ تھریڈز صارفین نیا ڈی ایم فیچر ایپ میں نیچے لفافے جیسے آئیکون کی شکل میں دیکھ سکیں گے۔
ابھی وہاں سرچ آئیکون موجود ہے مگر بہت جلد اسے ڈی ایم کے آئیکون سے بدل دیا جائے گا جبکہ سرچ آئیکون ایپ کے اوپر منتقل کر دیا جائے گا۔
کمپنی نے بتایا کہ ڈی ایم کی ابتدائی آزمائش اس ہفتے شروع کی گئی ہے۔