Time 12 جون ، 2025
دنیا

امید کم ہے ایران جوہری معاہدے میں یورینیم کی افزودگی روکنے پر راضی ہو جائے: ٹرمپ

امید کم ہے ایران جوہری معاہدے میں یورینیم کی افزودگی روکنے پر راضی ہو جائے: ٹرمپ
فوٹو: فائل

امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا، امید کم ہےکہ ایران جوہری معاہدے میں یورینیم کی افزودگی روکنے پر راضی ہو جائے۔

واشنگٹن میں امریکی صدرٹرمپ نے  کینیڈی سینٹرمیں تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہیں معلوم کہ ایران کو جوہری پروگرام بند کرنے پر راضی کرسکیں گے یا نہیں، مجھے پہلے ایسا لگتا تھا لیکن اب اس بارے میں میرا اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے۔ 

ٹرمپ نے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا، امید کم ہےکہ ایران جوہری معاہدے میں یورینیم کی افزودگی روکنے پرراضی ہو جائے۔؎

خبرایجنسی کے مطابق امریکا نے بحرین اور عراق سے غیر سفارتی عملے کو انخلا کی ہدایت کی ہے۔

اس  حوالے سے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ سے اہل کاروں کو نکالا جا رہا ہے کہ کیونکہ یہ ایک خطرناک جگہ بن سکتی ہے۔

دوسری جانب ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا کے ساتھ کوئی تنازعہ چھڑتا ہے تو وہ خطے میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔

ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادے نے کہا ہے کہ امریکا سے جوہری معاہدہ نہ ہونے پر اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ایران خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا اس وقت یورینیم کی افزودگی کے معاملے پر شدید سفارتی کشیدگی کا شکار ہیں۔

ایران اور امریکا اپریل سے اب تک 5 بار مذاکرات کر چکے ہیں تاکہ 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے کی جگہ ایک نیا معاہدہ کیا جا سکے۔

اب امریکا اور ایران کے جوہری مذاکرات کا چھٹا دور اتوار کو مسقط میں متوقع ہے ۔ 


مزید خبریں :