یہ ویڈیو سب سے پہلے ایک یوٹیوب چینل پر پوسٹ کی گئی تھی، جس نے واضح طور پر بتایا تھا کہ یہ ”افسانوی مواد“ ہے۔
12 جون ، 2025
پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ برکینا فاسو کے صدر ابراہیم ٹریور پاکستانی عوام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ”بیدار“ ہوں اور سابق وزیرِاعظم عمران خان کو، جو 2023 سے جیل میں ہیں، آزاد کروائیں۔
دعویٰ غلط ہے۔ یہ ویڈیو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔
30 مئی کو ایک فیس بک صارف نے 50 سیکنڈ سے زائد دورانیے کی ایک ویڈیو کلپ شیئر کی، جس کے کیپشن میں لکھا تھا: ”عمران خان صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا لیڈر ہے جتنا جلدی ہو سکے عمران خان کو رہا کیا جائے۔“
ویڈیو میں برکینا فاسو کے صدر ابراہیم ٹریور کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ”میں ابراہیم، افریقہ کا منتخب صدر ہوں اور آج میں دنیا کے ہر کونے تک ایک پیغام پہنچانا چاہتا ہوں، اے پاکستان کے لوگو، تمہیں شرم آنی چاہیے، تمہارا رہنما عمران خان، جو صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری مسلم اُمہ کا رہنما ہے، آج جیل میں ہے اور تم خاموش بیٹھے ہو، کیا تم میں غیرت نہیں؟ کیا تم بھول گئے ہو کہ اس نے تمہارے لیے جدوجہد کی، تمہارے لیے جیل گیا؟ اگر پاکستان کے لوگ نہیں جاگے تو سن لو، افریقہ کے لوگ جاگیں گے اور اپنے بھائی کو اس قید سے آزاد کروائیں گے۔“
اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 33 ہزار مرتبہ دیکھا اور 960 سے زیادہ دفعہ شیئر کیا گیا ۔
یہ ویڈیو عوامی سطح پر دستیاب آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ٹولز کی مدد سے بنائی گئی ہے، جس کی تصدیق ایک آزاد تجزیے سے ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں قائم میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی (MMfD) کے بانی اسد بیگ نے وائرل ویڈیو کلپ کا تجزیہ کیا اور جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ یہ ویڈیو کم معیار کی AI سے تیار کردہ ہے۔
اسد بیگ نے مزیدکہا: ”بیک گراونڈ دھندلا ہے، ان [ابراہیم ٹریور] کے چہرے کے تاثرات ان کی حرکات کے ساتھ قدرتی طور پر نہیں ہلتے، ان کی جلد غیر معمولی حد تک ہموار ہے، جسم اور بازوؤں کا حال بھی ایسا ہی ہے، یہ کچھ ایسا لگتا ہے جیسے کسی ویڈیو گیم میں دیکھا ہو۔“
اس کے علاوہ، گوگل ریورس امیج سرچ کے ذریعے جیو فیکٹ چیک نے معلوم کیا کہ یہ ویڈیو سب سے پہلے 25 مئی کو ایک یوٹیوب چینل پر ”کیپٹن ابراہیم ٹریور کی تقریر“ کے عنوان کے ساتھ پوسٹ کی گئی تھی۔
تاہم، ویڈیو کی تفصیل میں واضح طور پر درج تھا کہ یہ ویڈیو ”مکمل طور پر افسانوی مواد“ ہے جو صرف تفریحی مقاصد کے لیے تیار کی گئی ہے۔ حتیٰ کہ اس AI ویڈیو میں بھی عمران خان کا کوئی ذکر نہیں تھا۔
یوٹیوب ویڈیو یہاں دیکھی جا سکتی ہے:
فیصلہ: سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ برکینا فاسو کے صدر ابراہیم ٹریور عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، دراصل ایک ڈیپ فیک ویڈیو ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔