12 جون ، 2025
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے اسکواڈز کی مشاورت مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی نے تین ون ڈے میچز کو ٹی ٹوئنٹی میچز میں تبدیل کرنے کی بات کی ہے اور اگر میزبان بورڈ نے حامی بھری تو بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے لیے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے جواب کا انتظار ہے اور پی سی بی پُر امید ہے کہ ویسٹ انڈیز بورڈ ون ڈے میچز ٹی ٹوئنٹی میچز میں تبدیل کرنے پر رضامند ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کی جانب سےجواب کے بعد جلد ہی اسکواڈ کا اعلان ہو گا اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں ہوں گی ، سفیان مقیم اسکواڈ میں جگہ بنائیں گے جبکہ بابر اعظم ، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی واپسی ممکن نہیں ہوگی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی کا تھنک ٹینک ماضی کے کھلاڑیوں کی طرح ان کا بھی مضبوط کم بیک کا خواہشمند ہے کیونکہ ماضی میں بڑے بڑے نام مضبوط انداز میں کم بیک کرچکے ہیں لہٰذا یہ بھی کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو کہیں بھی کھیل کر اپنی واپسی کا کیس مضبوط کرنے کا پیغام دیا جا چکا ہے اور کرکٹرز کو پیغام دیا گیا ہے کہ دروازے کسی کے لیے بند نہیں کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرکٹرز کوکہا گیا ہے کہ ابھی نوجوان کرکٹرز کے ساتھ ماڈرن کرکٹ کا پراسیس بنایا گیا ہے۔