Time 12 جون ، 2025
دنیا

بھارتی طیارہ حادثہ، برطانوی بادشاہ اور وزیراعظم سمیت عالمی رہنماؤں کا افسوس کا اظہار

بھارتی طیارہ حادثہ، برطانوی بادشاہ اور وزیراعظم سمیت عالمی رہنماؤں کا افسوس کا اظہار
برطانوی بادشاہ اور وزیراعظم سر کیئر اسٹامر کا طیارے حادثے پر رد عمل— فوٹو:فائل

 برطانوی بادشاہ چارلس،  برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر،  روسی اور  فرانسیسی صدور  سمیت کئی عالمی رہنماؤں  نے  بھارتی شہر  احمد آباد میں طیارے حادثے  پر  افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  وہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

برطانوی  شاہی خاندان کی جانب سے   سوشل میڈیا ایکس پر  جاری پیغام میں  بادشاہ چارلس کا کہنا تھا کہ   انہیں احمد آباد میں ہونے  والے طیارہ حادثے کی خبر سن کر   شدید صدمہ پہنچا، شاہ چارلس نے  طیارے حادثے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ  اور  ان کی اہلیہ اس خوفناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے دعا گو ہیں۔


برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر  نے   واقعے  پر  رنج  و  غم کا  اظہار  کرتے  ہوئے جائے حادثہ کے مناظر کو تباہ کن قرار  دیا۔ سوشل میڈیا پر  جاری پیغام میں انہوں نے لکھا کہ لندن کے لیے اڑان بھرنے والے طیارے میں کئی برطانوی شہری سوار تھے،  انہوں نے کہا کہ تمام تر صورت حال سے انہیں آگاہ کیا جارہا ہے۔

یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا وان نے کہا کہ وہ حادثے کا شکار افراد کے اہلخانہ سے گہری ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں یورپ بھارتی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔

روسی صدر  ولادیمیر پیوٹن نے  بھی طیارہ حادثے پر  افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ ان کی  ہمدردیاں طیارہ حادثےکےمتاثرین کے ساتھ ہیں۔ فرانسیسی صدر  میکرون کا کہنا تھا کہ   احمدآباد میں طیارہ گرنےکے افسوسناک حادثےکا علم ہوا،  دکھ کے ان لمحات میں میری دلی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی  البانیز  اور  آئرلینڈ کے وزیراعظم مائیکل مارٹن نے  طیارے حادثےکی خبر کو افسوس ناک قرار دیا۔ بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر  محمد یونس نے بھارت کو کسی بھی قسم کی مدد کی پیشکش بھی کردی۔

خیال  رہےکہ آج صبح بھارتی شہر احمد آباد میں سرکاری ائیر لائن ائیر  انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا  تھا  جس میں سوار  242 مسافروں میں سے 241 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ ایک مسافر معجزاتی طور پر محفوظ رہا۔

 بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ حادثےکا شکار طیارے میں 169 بھارتی شہری،  53 برطانوی،  ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے  بھی موجود تھے۔


مزید خبریں :