12 جون ، 2025
ایک بھارتی شہری نے دعویٰ کیا ہےکہ وہ حادثےکا شکار ائیر انڈیا کے بوئنگ 8-787 طیارے میں 2 گھنٹے پہلے ہی دہلی سے احمد آباد پہنچا تھا اور اس دوران اس نے طیارے میں بدانتظامی اور معمول سے ہٹ کر چیزیں دیکھیں جس کی اس نے ویڈیو بھی بنائی۔
بھارتی شہری آکاش وٹسا نے احمد آباد سے لندن جانیوالی پرواز کے حادثےکے بعد ایکس پر پوسٹ کی جس میں اس نے بتایا کہ احمد آباد سے لندن کے لیے روانہ ہونے سے 2 گھنٹے قبل وہ اسی طیارے میں سوار تھا، میں دہلی سے اسی طیارے میں احمد آباد پہنچا تھا، اس دوران میں نے طیارے میں معمول سے ہٹ کچھ چیزیں نوٹ کیں، میں نے ویڈیو بھی بنائی تاکہ ائیر انڈیا سے ایکس شکایت کروں۔
ویڈیو میں آکاش نے بتایا کہ ہم ٹیکسی (جہاز رن وے پر چلنے والا) کرنے والے ہیں لیکن اے سی کام نہیں کر رہا، ہمیشہ کی طرح ٹی وی اسکرینیں بھی کام نہیں کر رہیں، یہاں تک کہ لائٹ بھی نہیں چل رہی۔ آکاش نے ائیر انڈیا کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ کیا یہ وہ سہولت ہے جو آپ دے رہے ہیں؟
آکاش کی جانب سے جہاز کے اندر کی ویڈیوز بھی پوسٹ کی گئیں جن کو چند گھنٹوں میں ہی لاکھوں بار دیکھا گیا۔
ایک اور پوسٹ میں آکاش نے کہا کہ وہ اب آج رات ائیر انڈیا سے دہلی واپس نہیں جا رہے۔
جیو ڈیجیٹل کی جانب سے فلائٹ ریڈار اور ائیرانڈیا کی ویب سائٹ سے تصدیق کی گئی جس سے پتہ چلا کہ آکاش کا دعویٰ درست معلوم ہوتا ہےکہ وہ جس طیارے میں دہلی سے احمد آباد آئے تھے وہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ہی تھا۔
فلائٹ ریڈار کے مطابق ائیر انڈیا کا بوئنگ 8-787 طیارہ دہلی کے مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 48 منٹ پر دہلی سے روانہ ہوا اور 11 بج کر 17 منٹ پر احمد آباد پہنچا، اس کے بعد طیارے نے مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 17 منٹ پر پرواز کی جسے لندن کے وقت کے مطابق 6 بج کر 25 منٹ پر لینڈ کرنا تھا تاہم بدقسمتی سے طیارہ چند سیکنڈ بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا۔
اس کے علاوہ آکاش نے ایکس پر دہلی سے احمد آباد فلائٹ کا بورڈنگ پاس بھی شیئر کیا اور لکھا کہ جو لوگ سچائی جاننا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ میرا بورڈنگ پاس ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی شہر احمد آباد میں ائیر انڈیا کا طیارہ پرواز کے چند لمحے بعد گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 241 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔
حادثے کا شکار طیارہ بوئنگ کا 8-787 ڈریم لائنر تھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس ماڈل کا طیارہ کسی جان لیوا حادثے کا شکار ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد کے ائیرپورٹ کے قریب ائیر انڈیا کا مسافر بردار طیارہ گرگیا جس میں عملےکے 12 ارکان سمیت 242 مسافر سوار تھے، حادثےکا شکار طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ روپانی بھی سوار تھے۔
رپورٹس کے مطابق ائیر انڈیا کا طیارہ احمد آباد ائیرپورٹ سے لندن جارہا تھا کہ ٹیک آف کرنے کے چند سیکنڈز بعد ہی گرکر تباہ ہوگیا۔