13 جون ، 2025
واشنگٹن: ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملے پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس ایٹم بم نہیں ہوسکتا۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملے کا علم تھا تاہم حملے میں امریکا کا کوئی کردار نہیں تھا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس ایٹم بم نہیں ہوسکتا اور ہم پر امید ہیں کہ ایران مذاکرات کی طرف آئے گا۔
ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملے پر بات کرتےہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ قیادت میں بہت سے لوگ ہیں جو کبھی واپس نہیں آئینگے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے آج ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کر دیا اور اسرائیلی فضائی حملوں میں ایرانی جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جس میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، مسلح افواج کے سربراہ جنرل باقری اور جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔