13 جون ، 2025
قومی اسمبلی اور سینیٹ نے ایران پر اسرائیلی حملوں کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف قرارداد پیش کی جسے ایوان نے منظور کرلیا۔
قومی اسمبلی میں نوید قمر نے مذمتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہےکہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی کنونشن کی خلاف ورزی کی، اسرائیل کا اقدام جنگی جرم ہے اور اس نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، اسرائیل کے ہاتھوں غزہ میں بچوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق عالمی برادری اور مسلم امہ 2 سال سے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا تماشا دیکھ رہی تھی، مسلم امہ کی بے عملی نے اسرائیل کو خودمختار مسلم ملک پر حملے کا حوصلہ دیا ہے.
واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کردیا ہے، اسرائیل کی فضائی حملوں میں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایرانی مسلح افواج کےسربراہ اور پاسداران انقلاب کے سربراہ سمیت کئی کمانڈرزاور سائنسدان شہید ہوگئے۔