14 جون ، 2025
ایران اور امریکا جوہری مذاکرات کا چھٹا دورمنسوخ کر دیا گیا۔
جوہری مذاکرات کے میزبان ملک عمان کے وزیر خارجہ بدر البو سعید نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اتوار کو مسقط میں امریکا اور ایران مذاکرات نہیں ہوں گے۔
اُدھر امریکی حکام نے بھی مذاکرات ختم ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ اتوارکو ایران سے ملاقات نہیں ہو رہی لیکن ہم بات چیت کیلئے پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب ایران نے بھی مسقط میں ہونے والے مذاکرات کی منسوخی کا اعلان کردیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا تھاکہ موجودہ حالات میں ہماری اصل توجہ دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے مذاکرات اور سفارت کاری کے تمام دعوؤں کے باوجود ایران کی پرامن ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنانے میں اسرائیلی حکومت کا ساتھ دیا، امریکا اسرائیلی جارحیت کا سب سے بڑا حمایتی ہے، ایسے حالات میں مذاکرات میں حصہ لینا بے معنی ہو گا۔
خیال رہے کہ عمان کی ثالثی میں امریکا اور ایران جوہری مذاکرات کاچھٹا دورکل مسقط میں ہونا تھا۔