15 جون ، 2025
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرنے کے اسرائیلی منصوبے کو ویٹو کردیا تھا۔
امریکی عہدیداروں نے خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاسی قیادت کے پیچھے جانےکی بات بھی نہیں کرسکتے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس خبر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر سے بات چیت کی بہت سی غلط رپورٹس ہیں جوکبھی ہوئی ہی نہیں، میں ان باتوں میں پڑنے والا نہیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ہمیں جوکرنےکی ضرورت ہوتی ہے وہ کرتےہیں اور آئندہ بھی کریں گے، امریکا جانتا ہے کہ اس کے لیے بہتر کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر حملہ خارج از امکان نہیں ہے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی ڈیفرین سے سوال کیا گیا کہ کیا اسرائیل ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے؟ اس پر اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا کہ وہ اس بات کی وضاحت نہیں کریں گے کہ آیا خامنہ ای ہدف ہیں یا نہیں۔