16 جون ، 2025
بھارت کی سرکاری ائیر لائن ائیر انڈیا بوئنگ 8-787 کی ہانگ کانگ سے دہلی جانے والی پرواز واپس اتار لی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے کے پائلٹ کو دوران پرواز تکنیکی خرابی کا شبہ ہوا جس کی وجہ سے پرواز کو واپس اتار لیا گیا۔
مشتبہ تکنیکی خرابی کی تفصیلات کی سرکاری طور پر تصدیق ہونا باقی ہے تاہم ہوائی جہاز ہانگ کانگ میں بحفاظت اتارا گیا اور کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
آن لائن ٹریکر Flightradar24 کے ڈیٹا کے مطابق مسافر طیارہ ٹیک آف کے بعد 90 منٹ کے اندر ہانگ کانگ کے ہوائی اڈے پر واپس آگیا۔
دوسری جانب ائیر انڈیا نے ابھی تک تکنیکی مسئلے کی نوعیت یا پرواز کے دوبارہ شیڈول کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ائیر انڈیا کا یہ طیارہ اسی کمپنی کا تیار کردہ ہے جس کمپنی کا طیارہ 12 جون کو احمد آباد میں گرکر تباہ ہوا تھا۔
وہ طیارہ بھی بوئنگ ائیر انڈیا ڈریم لائن بوئنگ 8-787 تھا جب کہ یہ بھی وہی ہے۔
اسی کمپنی کے طیارے کے ساتھ گزشتہ روز پیش آنے والا ایک اور واقعہ:
اتوار کے روز بھی اسی کمپنی ڈریم لائن بوئنگ 8-787 کے برٹش ائیرویز کے طیارے کے ساتھ یہ ہی واقعہ چنئی جانے والی پرواز کے ساتھ پیش آیا جسے تکنیکی خرابی کی وجہ سے لندن میں ہی واپس اتار لیا گیا تھا۔
Flightradar24 کے ڈیٹا کے مطابق برٹش ائیر ویز کی فلائٹ بی اے 35 جس نے لندن ہیتھرو سے دوپہر 12.40 پر روانہ ہونا تھا، اس پرواز نے 1.16 بجے تاخیر کے ساتھ اڑان بھری لیکن تقریباً 2 گھنٹے تک ہوا میں رہنے کے بعد واپس لندن آگئی۔
برٹش ائیرویز نے کہا کہ تکنیکی مسئلے کی اطلاع کے بعد طیارہ احتیاط کے طور پر ہیتھرو واپس آیا، بعدازاں پرواز بحفاظت چنئی لینڈ کرگئی اور تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ائیر انڈیا کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے سوار تمام 241 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ ایک مسافر معجزانہ طور پر بچ گیا تھا۔