13 جون ، 2025
احمدآباد میں حادثے کا شکار ہونے والے بھارتی طیارے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ترک کمپنی کے سپرد ہونے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا نکلا۔
جمعرات کو بھارتی شہر احمد آباد میں لندن جانے والا ائیر انڈیا کا طیارہ پرواز کے چند لمحے بعد گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 241 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔
احمد آباد میں ائیر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے بعد بھارتی صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا گیا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ترک کمپنی 'ترکش ٹیکنک' کے زیرِ نگرانی مرمت کیا گیا تھا۔
تاہم ترک خبر رساں ایجنسی کی فیکٹ چیک لائن نے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
حادثے کے بعد بھارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر متعدد گمراہ کن ویڈیوز اور تصاویر گردش کرنے لگیں جن میں طیارے کی ترک کمپنی 'ترکش ٹیکنک' سے دیکھ بھال اور مرمت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
تاہم ترک خبر رساں ایجنسی کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر تھا، جبکہ جو تصاویر ترکش ٹیکنک کے ہینگرز(جہاں جہازوں کی مرمت یا سروسنگ کی جاتی ہے) کے ساتھ شیئر کی جا رہی تھیں ان میں بوئنگ 777 طیارے دکھائے گئے تھے۔
ترکش ٹیکنک کی 9 اپریل کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق، کمپنی کا ائیر انڈیا سے معاہدہ صرف بوئنگ 777 طیاروں کی مکمل بیس مینٹیننس کا ہے، جس کے تحت یہ طیارے استنبول میں مرمت کیے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ائیر انڈیا اور ترکش ٹیکنک کے درمیان معاہدہ صرف بوئنگ 777 طیاروں تک محدود ہے اور ان طیاروں کی سروسنگ میں کسی قسم کا مسئلہ پیش نہیں آیا۔