Time 16 جون ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

میٹا نے آخرکار اشتہارات کو واٹس ایپ کا بھی حصہ بنا دیا

میٹا نے آخرکار اشتہارات کو واٹس ایپ کا بھی حصہ بنا دیا
کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا / فائل فوٹو

واٹس ایپ میٹا کی ایسی سروس ہے جسے برسوں سے صارفین اشتہارات کے بغیر استعمال کر رہے ہیں۔

مگر اب اشتہارات سے پاک واٹس ایپ کا عہد اختتام پذیر ہوگیا ہے کیونکہ اب میسجنگ پلیٹ فارم میں بھی اشتہارات نظر آئیں گے۔

البتہ کمپنی کی جانب سے فی الحال یہ اشتہارات اسٹیٹس اسکرین میں دکھائے جائیں گے۔

یعنی جس طرح انسٹا گرام میں چند اسٹوریز کے بعد ایک اشتہار نظر آتا ہے، اسی طرح کا تجربہ اب واٹس ایپ پر بھی اسٹیٹس دیکھتے ہوئے ہوگا۔

میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اشتہارات کے میکنزم کے لیے مختلف عناصر جیسے ملک یا شہر، زبان اور چینلز (جن کو آپ فالو کر رہے ہوں گے) کو مدنظر رکھا جائے گا، جبکہ ان اشتہارات کے ڈیٹا کو بھی مدنظر رکھا جائے گا جن پر صارفین کی جانب سے ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔

البتہ کمپنی کا کہنا تھا کہ صارف کے شناختی ڈیٹا جیسے فون نمبروں، میسجز، کالز اور گروپس کو اشتہارات دکھانے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔

اگر کسی صارف کی جانب سے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو میٹا کے اکاؤنٹ سینٹر میں ایڈ کیا جاتا ہے تو پھر کمپنی کی جانب سے اکاؤنٹ کی ترجیحات کو اشتہارات دکھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

بیان میں بتایا گیا کہ اس سے کمپنیوں اور صارفین کو اپنے چینلز کو پروموٹ کرنے کی سہولت ملے گی۔

میٹا نے آخرکار اشتہارات کو واٹس ایپ کا بھی حصہ بنا دیا
اشتہارات اسٹیٹس میں دکھائے جائیں گے / فوٹو بشکریہ میٹا

میٹا کے مطابق روزانہ ڈیڑھ ارب افراد اسٹیٹس اور چینلز کو استعمال کرتے ہیں۔

ابھی تک آمدنی کے لیے واٹس ایپ کی جانب سے واٹس ایپ بزنس پلیٹ فارم اور کلک ٹو واٹس ایپ اشتہارات کو استعمال کیا جاتا ہے۔

میٹا کی جانب سے واٹس ایپ چینلز کو سرچ اشتہارات اور سبسکرپشنز کے ذریعے بھی کمانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

واٹس ایپ کی نائب صدر ایلس نیوٹن ریکس نے بتایا کہ مختصر اشتہارات ایپ کی آمدنی کے ذرائع میں بہترین ذریعہ ثابت ہوں گے۔

کمپنی کے مطابق اشتہارات اور اس سے جڑے فیچرز کو دنیا بھر میں آنے والے مہینوں میں بتدریج متعارف کرایا جائے گا۔

خیال رہے کہ میٹا (اس وقت کمپنی کا نام فیس بک تھا) نے واٹس ایپ 2014 میں 19 ارب ڈالرز میں خریدا تھا اور اب 11 سال بعد اشتہارات کو اس میسجنگ پلیٹ فارم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :