16 جون ، 2025
تہران: اسرائیل سے جنگ میں ایران کی حمایت کرنے پر ایرانی پارلیمنٹ میں پاکستان سے اظہار تشکر کے نعرے لگائےگئے ہیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران پاکستان کی حمایت کی تعریف کی جس پر ایرانی ارکان پارلیمنٹ نے 'پاکستان تشکرتشکر' کے نعرے لگائے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسرائیل کی جانب سے شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی اور ایرانی قوم سے کہا کہ دشمن کے خلاف ہوشیار اور متحد رہے۔
اجلاس میں ایرانی ارکان پارلیمنٹ نے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فوجی کمانڈرز، اہلکاروں اور جوہری سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
خیال رہےکہ ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا اورکہا تھا کہ اسرائیل کی بلا اشتعال اور بلاجواز جارحیت پر پاکستان ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، اسرائیلی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔پاکستان، حکومت ایران اور برادر عوام کےساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے۔
پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی اٹھایا تھا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا تھا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کاحق حاصل ہے، اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھاکہ اسرائیلی حملے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور اسرائیل کی جانب سے خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیاں معمول بنتی جارہی ہیں۔